اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) حکومت کا عوام کو سستی بجلی فراہم کرنے کا خواب چکنا چور ہو گیا، وفاقی حکومت نے سیلز ٹیکس میں کمی پر آئی ایم ایف سے رائے مانگی تھی لیکن آئی ایم ایف نے بلوں میں سیلز ٹیکس میں کمی کی حکومتی تجویز مسترد کر دی ہے۔
نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ کا کہنا ہے کہ قرض پروگرام کے تحت نئے ٹیکسز سے چھوٹ نہیں دی جا سکتی، سیلز ٹیکس چھوٹ سے ٹیکس اہداف کا حصول ممکن نہیں رہے گا۔
خیال رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی 10 روپے فی یونٹ سستی کرنے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں اور اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بجلی سستی کرنے کے معاملے پر آئی ایم ایف سے بات کی جائے گی۔
گزشتہ روز کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تقریب سے خطاب میں بھی وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ٹیکس سلیبس کاروبار اور سرمایہ کاری کو چلنے نہیں دے رہے مگر آئی ایم ایف سے کیے وعدے نبھانے ہوں گے، وقت آنے پر آئی ایم ایف کو ٹاٹا، بائے بائے کہیں گے۔
ان کا کہنا تھا شرح سود 13 فیصد پر آگئی ہے، وہ چاہتے ہیں کہ یہ 6 فیصد پر آجائے مگر فیصلے تمام امکانات کا جائزہ لے کر ہی کیے جاسکتے ہیں، وزیراعظم نے تاجروں کو جلد ملاقات کی دعوت دیتے ہوئے کہا حقیت پسندانہ جائزہ لیناہوگا کہ کہاں بہتری ہے اور کہاں خرابیاں ہیں؟ یہ سمجھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں کہ ہر چیز ٹھیک ہے۔