بھارت میں میلے کے دوران ہاتھی بپھر گیا، تباہی مچا دی ,درجن سے زائد افراد زخمی

Jan 09, 2025 | 01:45 PM

 نئی دہلی (آئی این پی )بھارتی ریاست کیرالہ میں تہوار منانے کے دوران ایک ہاتھی بدک گیا جس نے میلے میں تباہی مچا دی اور 17افراد   کو زخمی کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شمالی کیرالہ کے علاقے ترور میں پوتھیانگڈی تہوار میں بہت سے لوگ جمع ہوئے۔ تقریب میں سونے سے سجے 5 ہاتھی لائے گئے تھے، اور ہجوم ان کی ویڈیوز بنانے میں مگن تھا۔ لیکن پھر انہیں میں سے ایک ہاتھی آپے سے باہر ہوگیا اور ہجوم کی طرف لپکا۔

 ہاتھی کے مالک نے اسے قابو کرنے کی کوشش کی، مگر کامیاب نہ ہوسکا۔ ہاتھی نے میلے میں ایک شخص کو سونڈ سے اٹھا اٹھا کر پٹخ دیا جس سے وہ کافی زخمی ہوگیا۔ زخمی ہونے والے شخص کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی گئی ہے اور اس کا علاج کوٹاکل کے ایک اسپتال میں کیا جا رہا ہے۔

ویڈیوز میں لوگوں کو گھبرا کر بھاگنے کی کوشش کرتے ہوئے دکھایا گیا، میلے میں بھگدڑ مچنے سے دیگر افراد بھی زخمی ہوئے۔ بہت سے افراد نے ہاتھی کو روکنے کے لیے زنجیروں کا استعمال کرتے ہوئے اسے پرسکون کرنے کی کوشش کی۔ ہاتھی کو قابو کرنے میں تقریباً  2 گھنٹے کا وقت لگا۔

مزیدخبریں