تحریک کےلئے دی گئی قربانیوں کی حفاظت کرنا ناگزیر ہے:میر واعظ

تحریک کےلئے دی گئی قربانیوں کی حفاظت کرنا ناگزیر ہے:میر واعظ

سرینگر(کے پی آئی) کل جماعتی حریت کانفرنس ع کے چیئرمین اور متحدہ مجلس علماکے امیرمیر واعظ عمر فاروق نے مسلمانوں خاص طور پر نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ نزول قرآن کے اس مقدس اور بابرکت مہینے کی رحمتوں سے فیضیاب ہونے نیز قرآن فہمی کے الہی وظیفے کی خاطر اپنے آپ کو وقف کریں ۔ شہر خاص میں مسجد علی ثانی رتھ پورہ متصل مزار شہداسرینگر میں عشرہ رحمت کے دوران جاری دینی مجالس کے پروگرام کے سلسلے میں ایک بھاری اجتماع سے خطاب کے دوران میر واعظ نے کہا کہ سماجی بدعات کے بڑھتے ناسور اور منشیات کی تباہ کاریوں کے خلاف مہم سماج کے ہر طبقے کے عملی تعاون کے بغیر کامیاب نہیں ہوسکتی ۔ انہوں نے کہا کہ اس قوم نے اپنے جائز حق یعنی حق خودارادیت کے حصول کے لئے جو بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں اور کر رہی ہے ان کی حفاظت کے حوالے سے بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا تحریک مزاحمت کی کامیابی کے ناگزیر تقاضے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ برحق جدو جہد کو کمزور کرنے اور اس کی سمت اور ہیت کو تبدیل کرنے کے مذموم منصوبوں کا توڑ تحریک مزاحمت میں شامل اس قوم کے ہر فرد کی ذمہ داری ہے اور جدوجہد اور اپنی قربانیوں کے تئیں بھر پور وابستگی ہماری کامیابی کی ضمانت ہے ۔

   

مزید : عالمی منظر