وزیراعظم نواز شریف کو نااہل قراردلانے کیلئے تحریک انصاف الیکشن کمیشن پہنچ گئی
اسلام آباد(ما نیٹرنگ ڈیسک ) پاکستان تحریک انصاف نے وزیراعظم نواز شریف کو نا اہل قرار دینے کے لئے الیکشن کمیشن سے ان کے کاغذات کی تفصیلات طلب کر لی ہیں ، پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی مراد سعید کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے کا غذات نامزدگی کی نقول کی فراہمی کے لیے جمعہ تک کا وقت مانگا ہے ۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی مراد سعید اور علی خان نے سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان سے ملاقات کی اور وزیراعظم نواز شریف کو نا اہل قرار دینے کے لئے ان کے جمع کردہ کاغذات کی مصدقہ نقول حاصل کرنے کے لئے باقاعدہ درخواست جمع کرائی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف نے اپنے اثاثوں میں ٹیکس کی غلط تفصیلات ظاہر کی ہیں، وزیراعظم 10سال کے لیے ڈیل کرکے باہر گئے تھے اور بعد میں انہوں نے قوم سے جھوٹ بولا، نواز شریف آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اترتے اور وہ صادق اور امین نہیں رہے ہیں ۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن سے ملاقا ت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی مراد سعید نے کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن سے نواز شریف کے مصدقہ کاغذات نامزدگی مانگے ہیں ، وزیر اعظم کے خلاف متعدد عدالتی فیصلے موجود ہیں ،ان کے خلاف اصغر خان کیس بھی موجود ہے، ہم کسی کی ذاتی زندگی میں مداخلت نہیں کر نا چاہتے ہیں لیکن نواز شریف صادق اور امین نہیں رہے ہیں او ر انہیں نا اہل قرار دیا جاسکتا ہے ۔ واضح رہے کہ 2 روز قبل سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے بیٹے ارسلان افتخار نے تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کو نا اہل قرار دلوانے کے لئے الیکشن کمیشن سے ان کے جمع کردہ کاغذات کی تفصیلات طلب کیں تھیں۔