سینکڑوں موضع جات کا ریکارڈ متنازعہ ،پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ نے کھاتے بلاک کر دیے

سینکڑوں موضع جات کا ریکارڈ متنازعہ ،پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ نے کھاتے بلاک کر ...

                                          لاہور (اپنے نمائندے سے) بورڈ آف ریونیو کے شعبہ سیٹلمنٹ اشتمال اور مال سے وابستہ سینکڑوںموضع جات کا ریکارڈ متنازعہ ہونے کی وجہ سے پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ انتظامیہ نے پنجاب بھر کے کمپیوٹر سروس سینٹروں میں آن لائن موضع جات کے کھاتے بلاک کر دئیے متنازعہ کھاتہ جات کی فردیں جاری کرنے اور انتقالات کے اندراج پر پابندی عائد ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے مزید معلوم ہوا ہے کہ صوبے بھر میں سیٹلمنٹ اشتمال اور مال کے موضع جات کا ریکارڈ اپ گریڈ کرنے اور کمپیوٹرائزڈ کرتے ہوئے آن لائن ہونے والے سینکڑوں موضع جات میں زائد از حصہ انتقالات کے اندراجات اور ریکارڈ میں ردوبدل کرنے کے متعدد واقعات رونما ہونے کی وجہ سے پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ انتظامیہ نے متنازعہ ہونے والے سینکڑوں کھاتہ جات کے ریکارڈ کو بلاک کر دیا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کی بڑی تعداد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے مزید معلوم ہوا ہے کہ جو کھاتے پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ نے بلاک کئے ہیں ان میں سے زیادہ تر سالم کھاتہ جات ہیں اس سالم کھاتے میں شامل بیشتر شہریوں کو بھی فرد برائے ملکیت اور انتقالات کے اندراج پر پابندی ہونے کی وجہ سے پریشانی اٹھانا پڑی ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ جن دو پارٹیوں کا آپسی تنازعہ ہےیہ پابندی ان کی حد تک ہونی چاہیے جبکہ مکمل طور پر کھاتہ جات کو بلاک کرنے کی وجہ سے نہ تو ہم اپنی جائیداد بیچ سکتے ہیں اور نہ ہی ریکارڈ اپنے نام ریونیو ریکارڈ میں منتقل کروا سکتے ہیں جس کی وجہ سے بہت سی قانونی پیچیدگیاں ہو رہی ہیں دوسری جانب پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جن کھاتہ جات کو بلاک کیا گیا ہے ان کے کیسیز متعلقہ اضلاع کے ڈسٹرکٹ کلیکٹر صاحبان کے حوالے کئے گئے ہیں اور باقاعدہ ان کی عدالت میں سماعت ہوتی ہے اور فیصلہ ہونے کے بعد ان بلاک شدہ کھاتہ جات کی فردات بھی جاری کر دی جاتی ہیں اور انتقالات کا اندراج بھی کر دیا جاتا ہے شہریوں کو درپیش مسائل کے حوالے سے بھی اعلیٰ افسران کو آگاہی دے چکے ہیں

مزید : میٹروپولیٹن 1