تاجر برادری نے ہر کڑے وقت میں ملک کیلئے خدمات سر انجام دیں،پرویز ملک

تاجر برادری نے ہر کڑے وقت میں ملک کیلئے خدمات سر انجام دیں،پرویز ملک

لاہور( جنرل رپورٹر) مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاجر برادری نے ہر کڑے وقت میں بڑا مستحسن کردار ادا کیا ہے، وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف پاک فوج کے آپریشن کی وجہ سے بے گھر ہونے والے سات لاکھ سے زائد افراد کی مدد کے لیے بھی آگے آنا چاہیے جو ملک کا مستقبل محفوظ بنانے کے لیے قربانیاں دے رہے ہیںوہ تاجروں کے ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس میں ایم این اے وحید عالم، ایم پی اے خواجہ عمران نذیر، چودھری گلزار احمد، رانا مبشر اور خالد قادری نے بھی شرکت کی پرویز ملک نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جانب سے سے پہلے ہی آئی ڈی پیز کی مدد کے لیے فنڈ ریزنگ مہم کا آغاز کیا جاچکا ہے ۔

اورتمام طبقات ہائے فکر اس کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس عظیم الشان مقصد میں شامل ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی و صوبائی اسمبلیوں کے اراکین اور تاجر برادری کے نمائندوں کو ذمہ داریاں تفویض کردی گئی ہیںکہ وہ اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد کے لیے زیادہ سے زیادہ فنڈز اکٹھے کریں پرویز ملک نے کہا کہ اس کڑے وقت میں ساری قوم اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی مدد کے لیے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں رکھے گی مسلم لیگ ن کی حکومت سات لاکھ سے زائد متاثرین کے لیے خوراک اور دیگر اشیائے ضرورت کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1