کشمیریوں کی جدوجہد آزادی ایک نظریہ اور فکر پر محیط ہے، سید صلاح الدین

کشمیریوں کی جدوجہد آزادی ایک نظریہ اور فکر پر محیط ہے، سید صلاح الدین

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( نمائندہ خصوصی)جماعت اسلامی لاہور کے زیراہتمام گذشتہ روز متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیاگیا ہے جس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کرکے وہاں کے لوگوں پر ظلم وجبر کے پہاڑ ڈھادئیے ہیں۔ بھارت نے 8لاکھ فوج نہتے کشمیریوں کو حق خودارادیت سے روکنے کیلئے داخل کی ہوئی ہے اور وہ یہ سمجھتا ہے کہ شاید ظلم وجبر کے ذریعے ان کو آزادی کی اس جدوجہد سے روک سکیں گے۔ انھوں نے کہا نریندمودی کی وزارت عظمیٰ کے دوران کشمیر کو ہڑپ کرنے اور اسے مستقل طور پر بھارت کا حصہ بنانے کی سازش کو عملی جامہ پہنانے کی حکمت عملی طے کرنے کا منصوبہ بنایا جارہا ہے۔ مسلم دشمنی میںنر یندرمودی کا اپنا ٹریک ریکارڈ بھی انتہائی خراب ہے اس تناظر میں بعید نہیں کہ مودی پاکستان کو دولخت کرنے کا بھارتی کانگریس کا کریڈٹ اب باقی ماندہ پاکستان کی سا لمیت ختم کرنے کی سازش کو عملی جامہ پہناکر برابر کرنے کی کوشش کریں ۔ انھوں نے کہا کہ ہم مودی سرکار کی ان خواہشات کو خاک میں ملا دیں گے۔ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی ایک نظریہ اور فکر پر محیط ہے۔ ہم جہاد کشمیر کی اس جدوجہد کو مکمل کرکے دم لیں گے انھوں نے کہا اس جہدو جہدمیں ہمارے ہزاروں نوجوان ،بزرگوں ،خواتین اور بچوں کا خون شامل ہے۔ ہم ان قربانیوں کو ہرگز ضایع نہیں ہونے دیں گے۔ اگر کسی نے ان قربانیوں کا سودا کرنے کی کوشش کی تو ہمارے ہاتھ ہوں گے اور ان کے گریبان۔ انھوں نے مزید کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کے پہلے دورہ کشمیر کے موقع پر سری نگر سمیت پوری وادی میں مکمل ہڑتال کرکے اس کو سلامی پیش کردی ہے۔کئی علاقوں میں کرفیونافذ کرنا پڑا ،کاروباری زندگی مفلوج رہا اور سنسان سڑکوں نے مودی کا استقبال کیا۔ کشمیریوں کی جانب سے یوم سیاہ منایا گیا اور بھارتی ناجائز تسلط کے خلاف زبردست احتجاج کیاگیا۔
سید صلاح الدین

مزید :

صفحہ آخر -