پنجاب سپورٹس بورڈ نے ٹی-20 کرکٹ فنڈ ریزر میچوں کے شیڈول کا اعلان کر دیا

پنجاب سپورٹس بورڈ نے ٹی-20 کرکٹ فنڈ ریزر میچوں کے شیڈول کا اعلان کر دیا

لاہور( خبر نگار) آئی ڈی پیز کی امداد اور بحالی کیلئے پنجاب سپورٹس بورڈ ، مختلف اضلاع کی ضلعی انتظامیہ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے اشتراک سے راولپنڈی ، ملتان ، فیصل آباد اور لاہور میں ٹی-20 کرکٹ فنڈ ریزر میچوں کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا - پنجاب سپورٹس بورڈ لاہور میں صوبائی وزیر قانون ، تعلیم و کھیل رانا مشہود احمد خاں کی صدارت میں اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ یہ میچز رمضان المبارک کے دوران رات 8 بجے سے ساڑھے گیارہ بجے تک منعقد ہوں گے - راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلا فنڈ ریزر میچ 19 جولائی کو پاکستان - اے اور راولپنڈی ڈویژن کی ریجنل کرکٹ ٹیم کے مابین ہو گا-ملتان میں پاکستان - اے اور ملتان ریجن کی کرکٹ ٹیم کے مابین ٹی - 20 کرکٹ میچ 21 جولائی کی رات کو ہو گا ،فیصل آباد میں 24 جولائی کو پاکستان - اے اور فیصل آباد ریجن کی کرکٹ ٹیم کے مابین مقابلہ ہو گا -ان میچوں میں متعلقہ شہروں سے تعلق رکھنے والے ویٹرن کرکٹرز کے علاوہ علاقے کے منتخب پارلیمنٹرینز، فیشن انڈسٹری اور ادب و ثقافت سے تعلق رکھنے والی مشہور شخصیات بھی نمائشی طو رپر کرکٹ کھیلیں گی-لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم اور پاکستان - اے کے درمیان آئی ڈی پیز فنڈ ریزر ٹی - 20 کرکٹ میچ 26 جولائی بمطابق28 رمضان المبارک کو 8 بجے رات کھیلا جائے گا - رانا مشہو د احمد خاں نے کہا کہ ان چاروں میچوں کی سپانسر شپ اور ٹکٹوں کی تمام تر آمدنی وزیر اعلی پنجاب کے ریلیف فنڈ برائے آئی ڈی پیز کو جائے گی-انہوں نے زیادہ سے زیادہ تعداد میں عوام کے لئے دلچسپی کا سامان پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ قومی یکجہتی کے فروغ اور شمالی وزیرستان سے بے گھر ہو کر آنے والے لاکھوں ہم وطنوں کے دکھ درد میں کمی لانے کے نیک کام میں ہر چھوٹے بڑے ،دیہی و شہری علاقوں کے عوام کو مل کر حصہ ڈالنا ہو گا -انہوں نے بتایا ہے کہ عید الفطر کے بعد لاہور میں پنجاب سپورٹس بورڈ مختلف میڈیا گروپس کی ٹیموں کے مابین چھ چھ اوورز کے دوستانہ کرکٹ میچز اور بیڈ منٹن میچز کا بھی اہتمام کرے گا -

شیڈول

مزید : صفحہ آخر