صوبائی وزراء کے رمضان بازاروں کے اچانک دورے جاری،قیمتوں میں کمی

صوبائی وزراء کے رمضان بازاروں کے اچانک دورے جاری،قیمتوں میں کمی

  



لاہور(پ ر) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کی ہدایت پر 7صوبائی وزراء نے 11اضلاع میں رمضان بازاروں کے اچانک دورے کئے اور اشیائے صرف کی فراہمی ‘ معیار ‘ نرخ ‘ نمایاں جگہ پر ریٹ لسٹ آویزاں‘ سٹالوں اور رمضان بازاروں کی صفائی‘ سکیورٹی اور دیگر اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ صوبائی وزیرآبپاشی یاور زمان نے لودھراں اور دنیا پور کے رمضان بازاروں کے اچانک دورے کئے ۔ لودھراں میں صوبائی وزیراچانک رمضان بازار میں داخل ہوئے تو سکیورٹی اہلکار نے روک کر تلاشی لی۔ جس پر صوبائی وزیرنے سکیورٹی اہلکار کی فرض شناسی کو سراہا۔ انہوں نے آٹے کے تھیلے کا وزن اور نمی کا بھی جائزہ لیا۔ صوبائی وزیرانسانی حقوق و اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے جھنگ میں فوارہ چوک اور سیٹلائٹ ٹاؤن جبکہ تحصیل گوجرہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں رمضان بازاروں کا اچانک معائنہ کیا اور اشیائے صرف کے نرخ‘ معیار اور دستیابی کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر نے صارفین سے اشیائے کے معیار اور نرخ کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ صوبائی وزیرخلیل طاہر سندھو نے مختلف دکانوں پر وزن کے پیمانے بھی چیک کئے۔ صوبائی وزیرجیل خانہ جات چوہدری عبدالوحید ارائیں نے ضلع راجن پور کے قصبہ کوٹ چھٹہ میں رمضان بازار کا اچانک دورہ کیا اور خریداری کے لئے آنے والے شہریوں سے صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔ صوبائی وزیربرائے بہبود آبادی ذکیہ شاہنواز نے فیصل آباد کے فیضان مدینہ چوک میں رمضان بازار کا اچانک دورہ کیا۔ صوبائی وزیرنے خریداروں کے لئے شاپنگ ٹرالیاں‘ بزرک شہریوں کے لئے ہیلپ ڈیسک‘ شکایات سیل‘ میڈیکل کیمپ‘ ٹائلٹ‘ پارکنگ اور سکیورٹی کے بہترین انتظامات پر ڈی سی او نورالامین مینگل کی انتظامی کاوشوں کو سراہا۔ ڈی سی او نے بتایا کہ ضلع فیصل آباد میں مزید16سہولت بازار قائم کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ وہاڑی میں صوبائی وزیرامداد باہمی ملک اقبال چنڑ نے رمضان بازاروں کا اچانک دورہ کیا۔ صوبائی وزیرنے یوٹیلٹی سٹور پر چینی اور دیگر اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیا۔ صوبائی وزیرزراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے ضلع چنیوٹ میں چنیوٹ اور چناب نگر‘ ضلع سرگودھا میں لالیاں‘ بھلوال‘ کوٹ مومن اور ضلع قصور میں حبیب آباد‘ پتو کی اور رینالہ خورد میں قائم سستے بازاروں کے اچانک دورے کئے۔ صوبائی وزیرنے سٹالوں پر موجود اشیاء کے وزن چیک کرائے اور گرین چینل سٹال پر سبزیوں اور پھلوں کی فراہمی کو چیک کیا۔ صوبائی وزیربیت المال و سماجی بہبود ہارون سلطان بخاری نے اٹک اور چکوال میں رمضان بازاروں کے اچانک دورے کئے اور رمضان بازار میں اشیائے صرف کے نرخ‘ دستیابی اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر وزراء، مشیران اور اعلی سرکاری افسران کے رمضان بازاروں کے دوروں کے بعد وہاں فروخت ہونے والی آشیائے ضروریہ خصوصا سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں کمی کے رجحان کے علاوہ ان کی کوالٹی میں بھی خاطر خواہ بہتری آئی ہے۔ پنجاب کابینہ کے وزراء اور اعلی سرکاری افسران عوام کو اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کے لئے صوبے بھر میں رمضان بازاروں کے دورے کررہے ہیں جبکہ اس حوالے سے وزیراعلی پنجاب کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ بھی بھجوائی جارہی ہے۔ وزراء کی مختلف شہروں اور ڈویژنوں کے رمضان بازار چیک کرنے کے لئے باقاعدہ ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں۔ رمضان بازاروں میں عوام کو اشیائے ضروریہ عام مارکیٹ کی نسبت کم قیمت پر دستیاب ہیں اور عوام کو مختلف اشیاء پر چار سے پانچ روپے فی کلو ریلیف مل رہا ہے۔ کابینہ پرائس کنٹرول کمیٹی بھی صوبے بھر میں رمضان بازاروں میں فروخت ہونے والی اشیاء کی مقررہ نرخوں پر فروخت اور کوالٹی کو یقینی بنانے کے لئے تمام ڈویژنل کمشنرز سے آن لائن رابطے میں ہے جس سے چھوٹے اور دور دراز علاقوں میں قائم رمضان بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور کوالٹی کی موثر مانیٹرنگ ممکن ہوئی ہے۔وزراء کے دوروں سے رمضان بازاروں میں صفائی کی صورتحال بھی بہتر ہوئی ہے اور عوام نے یہاں فروخت کی جانے والی اشیاء کی کوالٹی اور قیمتوں پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

مزید : صفحہ آخر


loading...