ملک بھر میں سرکاری ملازمین کی مطالبات کے حق میں قلم چھوڑ ہڑتال

ملک بھر میں سرکاری ملازمین کی مطالبات کے حق میں قلم چھوڑ ہڑتال

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور ( خبرنگار) صوبائی دارالحکومت سمیت پورے ملک میں سرکاری ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں دفاتر میں قلم چھوڑ ہڑتال کی۔ ملازمین نے بازوﺅں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں ۔ لاہور میں ملازمین نے اے جی آفس کی گراﺅنڈ میں اپنے مطالبات کے حق میں مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر ایپکا کے صوبائی صدر حاجی محمد ارشاد، ظفر کمبوہ، یونس بھٹی اور لالہ یونس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے مطالبات منظور نہ کئے تو سرکاری ملازمین عید نہیں منائیں گے اور عید پر پارلیمنٹ ہاﺅس کا گھیراﺅ کیاجائے گا اور عید کے موقع پر لاہور میں پنجاب اسمبلی کے سامنے بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا جائے گا جبکہ ایوان وزیر اعلیٰ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا ۔ اس موقع پر ایپکا کے مرکزی رہنما فضل داد گجر اور لالہ محمد اسلم نے کہا کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ سال 2013-14 کے بجٹ میںسرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافہ کیا جبکہ پنجاب حکومت نے تاحال وفاقی حکومت کے بجٹ میں اعلان کردہ ملازمین کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافہ نہیں کیا ہے۔ لالہ اسلم اور یونس بھٹی نے کہا کہ ملازمین کے بے سکیلوں کو اپ گریڈ کیا جائے اور سپرنٹنڈنٹ کو اسسٹنٹ ڈائریکٹر کا درجہ دیا جائے۔ دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب بھر اور پورے ملک میں سرکاری ملازمین کی ہڑتال کے باحث سرکاری دفاتر میں ” ہو “ کا عالم رہا اور دفاتر میں آنے والے سائلین کو روزہ کے دوران سخت گرمی میں شدید پریشانی سے دوچار ہونا پڑا ہے جس پر سرکاری دفاتر میں آنے والے سائلین بھی سراپا احتجاج بنے رہے ہیں۔

مزید :

صفحہ آخر -