گیس سلنڈر دھماکہ۔۔۔ ماں بیٹی کی المناک موت!

گیس سلنڈر دھماکہ۔۔۔ ماں بیٹی کی المناک موت!

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

گزشتہ روز والٹن روڈ پر ایک المناک حادثہ پیش آیا، ایک رکشا کا گیس سلنڈر پھٹ جانے سے مسافر ماں اور بیٹی جھلس کر جاں بحق ہو گئیں۔ کہا جاتا ہے کہ رکشا الٹ جانے سے گیس سلنڈر پھٹا اور آگ لگ گئی، رکشا میں سوار ماں بیٹی آگ کی لپیٹ میں آئیں اور جاں بحق ہو گئیں۔
یہ حادثہ پیش آیا تو رکشوں میں نصب ایل پی جی گیس سلنڈروں کی بات بھی ہونے لگی ہے اور یہ کہا جا رہا ہے کہ غیر معیاری سلنڈر استعمال کئے جا رہے ہیں۔ ماضی میں ویگنوں میں نصب گیس سلنڈر سے حادثات ہوئے تو انتظامیہ کو ہوش آیا، ویگنوں سے گیس سلنڈر اتروانے کی مہم چلی جو جلدی ٹھنڈی پڑ گئی اور پھر سے وہی چال بے ڈھنگی جو پہلے تھی، وہ اب بھی ہے۔ آج بھی ویگنوں میں غیر معیاری اور زیادہ سلنڈر نصب ہیں جو حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔ یہی صورت حال رکشاؤں کی ہے کہ انتظامیہ کی طرف سے پڑتال کا کوئی انتظام نہیں۔ رکشا والے ہلکے معیار کے سلنڈر خرید کر لگا لیتے ہیں کہ ان کی قیمت کم ہوتی ہے اور یہ کسی بھی وقت حادثے کا سبب بن جاتے ہیں جیسے یہ رکشا بنا۔
متعلقہ محکموں سے پوچھ گچھ ہونا اور ان ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی ہونا چاہئے جن کی غفلت سے یہ کاروبار جاری ہے۔ حکومت کو فوری طور پر نوٹس لے کر رکشاؤں اور بسوں کے سلنڈروں کی پڑتال کرنا چاہئے اور غیر معیاری سلنڈر اتروا کر تلف کر دینا چاہئیں تاکہ عوام کی جان و مال محفوظ رہیں۔

مزید :

اداریہ -