فوج پاکستان کی بقاءکی جنگ لڑ رہی ہے قوم کی دعائیں اس کے ساتھ ہیں ،شہباز شریف

فوج پاکستان کی بقاءکی جنگ لڑ رہی ہے قوم کی دعائیں اس کے ساتھ ہیں ،شہباز شریف ...

                                    لاہور(پ ر)وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک افواج اس وقت پاکستان کی بقاءکی جنگ لڑ رہی ہے اور قوم کے ہربچے، بوڑھے ، جوان اور ما¶ں بہنوں کی دعائیں ان کے ساتھ ہیں-وہ آج بیجنگ میں میڈیا اور چین کے نیشنل ڈویلپمنٹ ریفارمز کمیشن کے اعلی سطح اجلاس میں خطاب کررہے تھے-وزیراعلیٰ نے کہاکہ دہشت گردی اور انرجی کے بحران کے خاتمے کے بغیر ملک میں کسی ترقیاتی منصوبے سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کئے جاسکتے تاہم دہشت گردی اور انتہاپسندی کے سدباب کے لئے طاقت کے استعمال کے ساتھ ساتھ مربوط معاشرتی اور سماجی اقدامات کی ضرورت ہے- ہم پاکستان کے عام آدمی پر تعلیم، علاج معالجہ اور زندگی کی دوسری سہولتیں پہنچا کر ان قوتوں کے عزائم ناکام بنا سکتے ہیں جو نئی نسل کو اپنے مذموم مقاصدکے لئے انتہاءپسندی کی طرف راغب کرتے ہیں- انہوں نے کہا کہ انتہاءپسندی کی موجودہ صورتحال کو 80ءکی دہائی میں کئے جانے والے فیصلوں سے علیحدہ کرکے نہیں دیکھا جاسکتا-بیشتر ازیں چینی حکام اور مختلف اداروں کے سربراہوں کے ساتھ ملاقاتوں میں محمد شہباز شریف نے کہا کہ چین کی ترقی پاکستان کے لئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے -چین کی ترقی کی رفتار پر مغربی دنیا بھی ششدر نظر آتی ہے تاہم یہ چین سمیت تمام ترقی یافتہ قوموں کا فرض ہے کہ وہ دوسرے ممالک کو بھی اپنے تجربات اورکامیابیوں میں شریک کریں-انہوں نے کہا کہ توانائی کی قلت پاکستان کے لئے ایک قومی بحران کی حیثیت رکھتی ہے اور چین نے ایک بار پھر مشکل وقت میں ہمارا ہاتھ تھاما ہے- وزیراعلی نے کہا کہ ہم دوست ممالک کی مدد سے انرجی کے بحران کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں- وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال نے میڈیا اور چین کے نیشنل ڈویلپمنٹ ریفارمز کمیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک برس کے عرصے میں پاکستان کی معیشت میں ترقی کے واضح آثار سامنے آئے ہیں-ہمارے جی ڈی پی شرح میں اضافہ ہواہے ، زرمبادلہ کے ذخائر بڑھے ہیں اور انرجی کے بحران کے باوجودصنعتی پیداوار میں بہتری آئی ہے- انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ چین پاکستان کے ساتھ ان پراجیکٹس میں ترجیحی بنیادوں پر تعاون کرے جن سے جلد سے جلد بجلی حاصل ہوسکتی ہے-

مزید : صفحہ اول


loading...