’’بیجنگ سے بھی خدمت خلق‘‘

’’بیجنگ سے بھی خدمت خلق‘‘


لاہور(پ ر)وزیراعلیٰ محمدشہباز شریف نے بیجنگ سے رمضان پیکیج پر سختی سے عملدر آمدیقینی بنانے اوررمضان بازاروں میں کیے جانیوالے انتظامات کے حوالے سے صوبائی وزراء اورصوبے کی انتظامیہ کو ضروری ہدایات جاری کیں۔وزیراعلیٰ نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں رمضان بازاروں اور اوپن مارکیٹ میں اشیائے ضروریہ، سبزیوں، پھلوں اور دالوں کی وافر دستیابی کو یقینی بنایا جائے اور اشیاء کی قیمتوں کے ساتھ کوالٹی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ غیرمعیاری اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔صوبائی وزراء، منتخب نمائندے، سیکرٹریز اور متعلقہ حکام باقاعدگی سے رمضان بازاروں کے دورے جاری رکھیں اورمیرے حالیہ دورہ چین کے دوران رمضان بازاروں میں انتظامات کا خود جائزہ لے کر رپورٹ ای میل کے ذریعے بھجوائی جائے۔انہوں نے کہا کہ وہ رمضان پیکیج کی خود نگرانی کررہے ہیں اور چین کے دورے کے دوران بھی رمضان بازاروں میں عوام کی سہولت کے لئے کیے جانے والے انتظامات کا باقاعدگی سے جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ پر واضح کیا کہعوام کو سستے داموں معیاری اشیاء کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ مقدس ماہ میں ناجائز منافع خوری کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ڈی سی اوز اپنے اپنے اضلاع میں سبزی منڈیوں میں نیلامی کے عمل کی خود نگرانی جاری رکھیں۔صوبائی انتظامیہ اوپن مارکیٹ میں بھی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام لانے کیلئے انتہائی متحرک کردار ادا کرے۔ناجائز منافع خوری کی آڑ میں عوام کو لوٹنے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کو معیاری اور سستے داموں اشیائے ضروریہ فروخت کرنے والے دین اور دنیا دونوں کما رہے ہیں۔رمضان بازاروں میں بہترین انتظامات پر متعلقہ ضلعی انتظامی افسران اور عملے کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

مزید : صفحہ اول