عمران خان ، شاہ محمود قریشی کےخلاف دہشت گردی کے مقدمہ کیلئے درخواست کی سماعت 14جولائی تک ملتوی
لاہور(نامہ نگار ) ایڈیشنل سیشن جج غفار مہتاب نے تحریک انصاف کے سربراہ ،عمران خان اور مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کرانے کے لئے دائردرخواست کی سماعت 14جولائی تک ملتوی کر دی ۔ گزشتہ روز ایس ایچ او تھانہ پرانی انارکلی کی جانب سے جواب داخل نہ کرائے جانے کی وجہ سے مذکورہ درخواست میں کوئی پیش رفت نہ ہو سکی ۔ فاضل عدالت میں درخواست کاشف سلمانی ایڈووکیٹ نے دائر کررکھی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عمران خان اور شاہ محمود قریشی اپنی تقریروں کے ذریعے ملک میں انتشار پھیلانے میںمصروف ہیں۔دونوں رہنماوں نے حکومت مخالف تقریریں کر کے دہشت پھیلائی اورشہریوں کو قانون ہاتھ میں لینے کے لئے اکسایا۔درخواست گزار نے مزید کہاکہ عمران خان اور شاہ محمود قریشی نے ماڈل ٹاون واقعہ کے انکوائری ٹربیونل کو بے بنیاد قرار دے کر امن و امان کی بہتری کے لئے کی جانے والی کوششوں کوسبوتاژ کیا لہذا عدالت انکے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کرنے کا حکم د ے۔ فاضل عدالت نے اس درخواست پر تھانہ پرانی انارکلی کے ایس ایچ او سے کمنٹس طلب کر رکھے تھے جو گزشتہ روز بھی داخل نہیں کرائے جا سکے ۔