برآمدات کے فروغ کیلئے بزنس کمیونیٹی کے ساتھ ہر طرح تعاون کرینگے

برآمدات کے فروغ کیلئے بزنس کمیونیٹی کے ساتھ ہر طرح تعاون کرینگے

  



اسلام آباد (کامرس ڈیسک) پاکستان کی معیشت کو بہتر کرنے میں نجی شعبے نے کلیدی کردار ادا کرنا ہے اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان برآمدات کو فروغ دینے کیلئے تاجر برادری کے ساتھ ہر طرح کا تعاون کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے چیف ایگزیکٹو ایس ایم منیر نے ایک افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو فاﺅنڈر گروپ کے چیئرمین اور اسلام آباد چیمبرکے سابق صدر عبدالرﺅف نے ان کے اعزاز میں دیا۔ افطار ڈنر میں تاجر برادری کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ایس ایم منیر نے کہاکہ موجودہ حکومت معیشت کو پائیدار ترقی کے راستے پر ڈالنے کیلئے پرعزم ہے اور اس مقصد کیلئے اہم اقدامات اٹھا رہی ہے لہذا تاجر برادری پاکستانی معیشت کو مضبوط کرنے میں حکومت کا ساتھ دے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انڈیا سمیت خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے لہذا تاجر برادری اس مقصد کے حصول کیلئے اپنی کوششیں تیز کرے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین سمیت پاکستانی تاجر برادری کو برآمدات کو فروغ دینے کیلئے ٹی ڈی اے پی تمام ممکن مواقع فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ڈی اے پی اس سال ستمبر میں انڈیا میں ایک نمائش کا اہتمام کرے گی اور کراچی میں بھی نمائش منعقد کی جائے گی جس میں پوری دنیا سے بڑے خریداروں اور بزنس ہاﺅسز کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کی طرف سے جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے سے پاکستانی تاجر برادری کیلئے کاروبار کے بہت سے نئے مواقع پیدا ہو گئے ہیں لہذا پاکستانی بزنس مین ان مواقعوں سے پوری طرح استفادہ حاصل کرنے کیلئے کوششیں تیز کریں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی ڈی اے پی مستند بزنس مینوں کوغیر ملکی دوروں پر بھیجنے کی حوصلہ افزائی کرتی ہے تاکہ وہ پاکستانی برآمدات کو فروغ دینے کیلئے نئے مواقع تلاش کر سکیں۔

سارک چیمبر آف کامرس کے نائب صدر افتخار علی ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کیلئے سارک ممالک کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے کے وسیع مواقع پائے جاتے ہیں لہذا تاجر برادری اس جانب خصوصی توجہ دے جس سے معیشت مستحکم ہو گی اور خطے میں امن کی فضا قائم ہو گی۔ فاﺅنڈر گروپ کے چیئرمین عبدالرﺅف نے کہا کہ ایس ایم منیر کا بطور چیف ایگزیکٹو، ٹی ڈی اے پی تعیناتی حکومت کا ان کی صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک بزنس لیڈر ہونے کی حیثیت سے وہ اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ پاکستان کی برآمدات کو کیسے بہتر طور پر فروغ دیا جا سکتا ہے لہذا ان کی تعیناتی سے تجارت اور برآمدات میں بہتری متوقع ہے۔ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر منور مغل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو خطے کے ممالک کے ساتھ تجارت کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے کیونکہ ہمارے ارد گرد خطے میں دنیا کی بڑی مارکیٹس پائی جاتی ہیںجن سے تجارت بڑھا کر ہمیں بھرپور استفادہ حاصل کرنا چاہیے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ٹی ڈی اے پی تاجر برادی کو علاقائی تجارت کو فروغ دینے میں تمام ممکنہ سہولت فراہم کرے گی۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شعبان خالد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ایس ایم منیر جیسے مستند بزنس لیڈر کو ٹی ڈی اے پی کا چیف ایگزیکٹو مقرر کر کے ایک قابل تعریف فیصلہ کیا ہے کیونکہ ان کی تعیناتی سے تاجر برادری میں ایک نیا اعتماد اور حوصلہ پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ ایس ایم منیر کے اس اہم عہدے پر فائز ہونے سے ٹی ڈی اے پی اپنے مطلوبہ اہداف کو حاصل کرنے کی جانب مثبت پیش رفت کرے گی۔

مزید : کامرس


loading...