آئندہ برس چین کو چاول کی برآمدات دگنا کرنے میں کامیاب ہو جائینگے

آئندہ برس چین کو چاول کی برآمدات دگنا کرنے میں کامیاب ہو جائینگے

لاہور (اے پی پی)پاک چین مشترکہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شاہ فیصل آفریدی نے کہا کہ آئندہ ایک برس کے دوران پاکستان سے چین کو چاول کی برآمدات دگنا کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے اور مستقبل قریب میں پاکستان کا چین کو 10 ملین ٹن چاو ل برآمد کرنے کا خواب پورا ہو جائے گا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معیاری چاول کی پیداوار تقریباً 6.5 ملین ٹن ہے۔ اپنی ضرورت کا 2.5 ملین ٹن چاول استعمال کرنے کے بعدپاکستان 3.75 ملین ٹن چاول چین کو برآمد کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سال میں چاول کی برآمدات میں 244فیصد اضافہ ہوا، اس میں نمایا ں حصہ چین کا ہے کیونکہ چین میں پاکستانی چاول کو اولین ترجیح دی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چاول کی نئی ہائبرڈ ورائٹی تیار کی جا رہی ہے جو کہ کم اخراجات اور پانی کی قلت کی صورت میں بھی زیادہ پیداوار دینے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ رائس ریسرچ انسٹیٹیوٹ نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے چاول ہاتھ سے بونے کے بجائے ایک براڈ کاسٹنگ سسٹم تشکیل دیا گیا ہے جس کے تحت اگر کسان چاول کی کاشت کے 80ہزار پودے لگائیں تو انہی پودوں سے 6سے8 من زیادہ پیداوار ہو گی۔

اور اس سسٹم کے تحت عام طریقہ کاشت کی نسبت 30 سے 35 فیصد کم پانی درکار ہو گا۔انہوں نے کہا کہ چینی درآمد کنندگان تھائی لینڈ اور ویتنامی چاول کے مقابلے میں پاکستانی چاول کو ترجیح دیتے ہیں۔

مزید : کامرس