دفتر میں موبائل فون کے مختصر استعمال کی حوصلہ شکنی کرنے کی بجائے اس کے فروغ کی ضرورت
برمنگھم (نیوز ڈیسک) دفتر میں کام کے دوران موبائل فون کا ہلکا پھلکا استعمال عام طور پر افسران سے نظر بچا کر کیا جاتا ہے لیکن ایک تازہ سائنسی تحقیق نے یہ ثابت کیا ہے کہ دفتر میں موبائل فون کے مختصر استعمال کی حوصلہ شکنی کرنے کی بجائے اس کے فروغ کی ضرورت ہے کیونکہ یہ ملازمین کو تازہ دم رکھتا ہے اور ان کی کارکردگی بڑھاتا ہے۔ یہ تحقیق نفسیاتی سائنس کے ماہر سویول کم (Sooyeol Kim) اور ان کی ٹیم نے کی ہے جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اگر ملازمین کام کے دوران ہر دو گھنٹے بعد دوچار منٹ کیلئے موبائل فون پر فیس بک استعمال کرلیں یا مختصر سی گیم کھیل لیں تو ان کی تھکان دور ہوجاتی ہے۔ دماغ تروتازہ ہوجاتا ہے اور ان کی کارکردگی بہتر ہوجاتی ہے۔ سائنسدانوں نے اس تحقیق میں 72 افراد کے موبائل فون کے استعمال، کارکردگی اور خوش و خرم رہنے کی کیفیت کا مطالعہ کیا۔ تحقیق سے معلوم ہوا کہ جو ملازمین کام کے دوران مختصر وقفہ لے کر موبائل فون پر گھر والوں سے رابطہ کرتے ہیں، فیس بک یا ٹویٹر استعمال کرتے ہیں یا اینگری برڑز اور کینڈی کرش جیسی گیم کھیلتے ہیں وہ کام کے اختتام پر زیادہ خوش و خرم اور چاق و چوبند ہوتے ہیں۔ ان ملازمین کا دن بھی اچھا گزرتا ہے اور وہ کام کو بوجھ محسوس نہیں کرتے۔ یہ لوگ بغیر تھکے اور بور ہوئے اپنے کام کو زیادہ مستعدی اور ذمہ داری سے کرتے ہیں۔ ڈاکٹر کم نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ملازمین کو کام کے دوران مائیکرو بریک ضرور دی جائے کیونکہ یہ ملازمین کے ساتھ ساتھ ادارے کیلئے بھی فائدہ مند ہے۔