فیفا نے نائیجیرین فٹبال فیڈریشن کو معطل کر دیا
لوزان (مانیٹرنگ ڈیسک)فیفا نے نائیجیریا کی فٹبال فیڈریشن کو فوری طور پرمعطل کر دیا ہے،معطلی کا فیصلہ فٹبال فیڈریشن کے معاملات میں حکومتی مداخلت پر کیا گیا ہے ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق نائیجیریا کی ایک عدالت نے چند روز قبل فٹبال فیڈریشن کے انتظامی معاملات میں حکومت کی مداخلت کے باعث پیدا ہونے والے تنازعہ پر حکم جاری کرتے ہوئے فٹبال فیڈریشن کے صدر سمیت تمام اراکین کو برطرف کردیا تھا اور حکومت نے لارنس لونگیر کو فٹبال فیڈریشن کا عبوری سیکریٹری جنرل مقرر کردیا تھا۔ان تنازعات کے باعث فیفا کی جانب سے نائیجیرین حکومت کو خط کے ذریعے تنبیہہ کی گئی تھی کہ وہ تمام تنازعات کو 8 جولائی تک حل کرے۔فیفا کی جانب سے خط لکھے جانے کے باوجود نائیجیرین حکومت نے تنازعات حل نہ کئے جس کے بعد فیفا کی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نائیجیرین حکومت فٹبال کے معاملات میں بلاوجہ مداخلت کر رہی ہے لہٰذا فیڈریشن اراکین کی جانب سے نائیجیریا فٹبال فیڈریشن کو فوری طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔