دہشت گردی: حفاظتی انتظام
خبر ہے کہ رائیونڈ کے علاقے میں سرچ آپریشن کے بعد28 افراد کو دہشت گردی کے شبہ میں حراست میں لیا گیا ہے ان میں دو غیر ملکی بھی ہیں، کاؤنٹرٹیررازم ایجنسی مسلسل حساس معلومات کی بنا پر تلاش کا کام جاری رکھے ہوئے ہے اور اب تک لاہور کے مختلف علاقوں سے سینکڑوں مشتبہ لوگ پکڑے جا چکے ہیں اور یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔اب اطلاع یہ ہے کہ مبینہ طور پر خودکش بمبار لاہور میں داخل ہو چکا اور اس سے خطرہ بھی ہے۔ اسی خدشے کے پیش نظر سرچ آپریشن شروع کیا گیا اور اب مزید حفاظتی اقدامات بڑھائے گئے ہیں ادھر ریلوے نے بھی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ٹرینوں کے ٹریک کی حفاظت اور نگرانی شروع کی ہے، دھمکی دی گئی ہے کہ رائے ونڈ اور چھانگامانگا کے ریلوے سٹیشنوں پر تحریب کاری ہوگی۔ حکام نے ان ہر دو ریلوے سٹیشنوں اور حساس قرار دیئے جانے والے ریلوے سٹیشنوں پر خصوصی حفاظتی اقدامات کئے، لیکن خدشات موجود ہیں۔رائیونڈ کے علاقے میں بدستور تلاش جاری ہے۔ فیروز والا سے پکڑے جانے والے ملزمان نے نشاندہی کی ہے۔ریلوے اعلان کے مطابق 11جولائی سے عید سپیشل ٹرینوں کا آغاز ہوگا، اس لئے حفاظتی انتظامات بھی سخت کر دیئے گئے ہیں ان میں ریلوے لائن کی پٹرولنگ بھی شامل ہے۔ مقصد مسافروں کو زیادہ حفاظت سے ان کی منزل مقصود تک پہنچانا ہے۔ ریلوے میں سابقہ پٹرولنگ نظام اب ملکی خدمات کے لئے بھی آزمانا چاہیے، اللہ سے دعا بھی ہے رمضان المبارک کے بابرکت دن اور عیدالفطر بھی خوشیوں کے ساتھ گزار دے۔