بظاہر میگا منصوبوں کے دعویدار درحقیقت میگا کرپشن میں ملوث نکلے ہیں، عبدالعلیم

بظاہر میگا منصوبوں کے دعویدار درحقیقت میگا کرپشن میں ملوث نکلے ہیں، ...

لاہور(نمائندہ خصوصی)چئیر مین تحریک انصاف کے پولیٹیکل ایڈوائزر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ایک دوسرے سے مُک مکا کرنے والے نواز زرداری گٹھ جو ڑ کی طرح مشترکہ لوٹ مار بھی بے نقاب ہو گئی ،نیب رپورٹ نے بھانڈہ پھوڑ دیا کہ سرکاری خزانے کو بے دردی سے لوٹنے والے کیسے ایک دوسرے کے سانجھے دار بنے ہوئے ہیں ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ بظاہر میگا منصوبوں کے دعویدار درحقیقت میگا کرپشن میں ملوث نکلے ہیں اور عدالت عظمی کے حکم پر حقا ئق سامنے آنے پر ایک بار پھر واضح ہو گیا ہے کہ نواز لیگ اور پیپلز پارٹی کے بارے میں عمران خان کا موقف درست تھا کہ ملک کو نقصان پہنچانے والی جماعتوں کے خلاف تحریک انصاف ہی آخری امید ہے ،عبدالعلیم خا ن نے کہا کہ نیب کی چشم کشا رپورٹ سے عوام پر واضح ہو گیا ہے کہ قومی خزانے کو دیوالیہ کرنے میں نواز لیگ اور پیپلز پارٹی کی سب سے زیادہ ذمہ دار ہیں۔عبدالعلیم خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے سینٹرل آرگنائزر تحریک انصاف جہانگیر ترین سے ملاقات کی اور اُن سے پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا شعیب صدیقی ،میاں حامد معراج ،میاں افتخار ،سردار کامل عمر ،عبدالکریم کلواڑ ،میاں یامین ٹیپواور میاں جاوید علی اس موقع پر موجود تھے۔ دریں اثناء این اے 122اور پی پی 147اور 148کے بلدیاتی امیدواروں کے حوالے سے عبدالعلیم خان،شعیب صدیقی اور میاں اسلم اقبال کے مابین مشاورت ہوئی جس میں مختلف یونین کونسلوں سے امیدواروں کی درخواستیں پر ابتدائی طور پر تبادلہ خیال کیاگیا ،اس سلسلے میں ہر یونین کونسل میں پارٹی اجلاس بلائے جانے کی توقع ہے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1