بلدیاتی انتخابات طے شدہ شیڈول کے مطابق کرائے جائیں،وسیم اختر

بلدیاتی انتخابات طے شدہ شیڈول کے مطابق کرائے جائیں،وسیم اختر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نمائندہ خصوصی)پارلیمانی لیڈرصوبائی اسمبلی وامیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختراور سیکرٹری جنرل نذیراحمد جنجوعہ نے کہاہے کہ اسلام آباد،پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی الیکشن طے شدہ شیڈول کے مطابق کرائے جائیں۔سپریم کورٹ کی واضح ہدایات کے باوجود وفاقی حکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے میں ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے اس سے حکومتی بدنیتی صاف ظاہر ہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ لوکل باڈیز کے انتخابات سے ملک میں جمہوری نظام کوتقویت ملتی ہے بلوچستان اور کے پی کے میں بلدیاتی الیکشن کے انعقادکے بعد اب اسلام آباد،پنجاب اور سندھ میں مقامی حکومتوں کے انتخابات ایک آئینی اورقانونی تقاضاہے جسے متعلقہ حکومتوں کوسپریم کورٹ کوکرائی جانے والی یقین دہانی کے مطابق پوراکرنا چاہئے۔انہوں نے کہاکہ اسلام آباد اور پنجاب وسندھ میں مقررہ شیڈول کے مطابق اگربلدیاتی انتخابات نہیں ہوئے تو یہ توہین عدالت کے زمرے میں آئے گا۔مسلم لیگ(ن)کی وفاقی وپنجاب حکومت اور سندھ حکومت کو عدالتی احکامات پر فوری عملدرآمد کرناچاہئے جماعت اسلامی پنجاب کے رہنماؤں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کے سابقہ دور میں بھی سندھ اور شہبازشریف کی پچھلی حکومت میں پنجاب کے اندردانستہ طور پر بلدیاتی انتخابات نہیں کروائے گئے اب بھی مسلم لیگ(ن)اور پیپلز پارٹی کی حکومتوں کی جانب سے اسی طرزعمل کامظاہرہ کیاجارہا ہے۔یہ رویہ جمہوریت کے منافی اور آمرانہ سوچ کی عکاسی کرتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اسلام آباد،پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات طے شدہ شیڈول اور وقت پر کرائے جائیں تاکہ نچلی سطح پر اختیارات منتقل ہوسکیں اور عوام کوریلیف مل سکے۔