وائی ڈی اے ہسپتالوں میں کیفے ٹیریاز فارمیسیاں اور بیوٹی سیلون بنائیگی

وائی ڈی اے ہسپتالوں میں کیفے ٹیریاز فارمیسیاں اور بیوٹی سیلون بنائیگی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور(جاوید اقبال)ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے ہر ہسپتال کی یونین کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لئے آمدن پلان جاری کردیا ہے جس کا آغاز صوبائی دارالحکومت کے ٹیچنگ اور ڈسٹرکٹ ہسپتالوں سے کردیا گیا ہے ،اس پلان کے تحت وائی ڈی اے ہر ہسپتال میں کیفے ٹیریاز،بیوٹی سیلون اور فارمیسیاں قائم کرے گی جس کی آمدن کنٹریکٹرز اور وائی ڈی اے میں ففٹی ففٹی کی بنیاد پر تقسیم ہوگی ۔وائی ڈی اے کے زیر اہتمام قائم ہونے والے کیفے ٹیریاز ،سیلون، فارمیسز کو بجلی پانی اور سوئی گیس ہسپتال مفت فراہم کریں گے جبکہ پیپرا رولز کا بھی ان ٹھیکوں پر اطلاق نہیں ہوگا جس کا آغاز گنگا رام ہسپتال لاہور اور سروسز ہسپتا ل سے کردیا گیا ہے جہاں وائی ڈی اے نے سرکاری جگہ پر کیفے ٹیریاز کا آغاز کردیا ہے ان ہسپتالو ں میں قائم کرائے گئے ڈاکٹرز کیفے ٹیریاز کو وائی ڈی اے نے براہ راست اپنے من پسند ٹھیکیداروں کو ٹھیکے دے دیئے ہیں ،ٹھیکے دیتے وقت پیپرا رولز کو فالو نہیں کیا گیا اور نہ ہی اخبارات میں تشہیر کی گئی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وائی ڈی اے اس کے بعد لاہور کے دیگر ہسپتالوں پی آئی سی،جناح،جنرل،چلڈرن ہسپتال ،میو ،لیڈی ولنگڈن ، لیڈی ایچی سن ہسپتال سمیت دیگر ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں بھی ڈاکٹرز کیفے ٹیریاز قائم کرے گی شروع میں ان کیفے ٹیریاز میں صرف ڈاکٹرز اور نرسوں کے داخلے کا دعوی کیا جائے گا ۔بعدازاں کیفے ٹیریاز عام مریضوں اور ان کے لواحقین کے لئے بھی کھول دیئے جائیں گے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ظاہری طور پر یہ کیفے ٹیریاز اور سیلونز ڈاکٹرز اور نرسوں کو مقامی سطح پر سہولیات فراہم کرنے کے لئے قائم کئے جائیں گے ،درحقیقت یہ وائی ڈی اے کا آمدن پلان ہے ،وائی ڈی اے سنٹرل ،صوبائی ،ڈویژنل ،ضلعی اور ہسپتال سطح کی تنظیموں کے الگ الگ اکاؤنٹس کھولے گی جس میں کنٹینز وغیرہ سے حاصل والے فنڈز جمع ہوں گے اور یہ ڈاکٹرز کے فلاح وبہبود پر خرچ کئے جائیں گے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ان فنڈز کا استعمال ڈاکٹرز کی ممکنہ تحریکوں پر بھی خرچ کیا جائے گا۔اس حوالے سے مرکزی راہنماؤں کا کہنا ہے کہ کیفے ٹیریاز نو پرافٹ نو لاس کی بنیاد پر کھولیں جائیں گے ،فی الحال کیفے ٹیریاز قائم کئے جارہے ہیں جس کا مقصد ڈاکٹرز اور نرسوں کو اچھا ،سستا اور معیاری کھانا فراہم کرنا ہے اس کا مقصد آمدن نہیں بلکہ ڈاکٹروں کی بہتری کی جانب ایک قدم ہے ۔