ہاکی ٹیم کی بد ترین کار کردگی ،تحقیقاتی کمیٹی کا پہلا اجلاس آج ہو گا

ہاکی ٹیم کی بد ترین کار کردگی ،تحقیقاتی کمیٹی کا پہلا اجلاس آج ہو گا

 اسلام آباد(آئی این پی) قومی ہاکی ٹیم کی ورلڈ لیگ میں بدترین شکست اور اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ سے باہر ہونے پر وزیراعظم کی ہدایت پر بنائی جانے والی تحقیقاتی کمیٹی کے ارکان کو تقرری کے خط نہ مل سکے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر بین الصوبائی رابطہ کی وزارت نے قومی ہاکی ٹیم کی شکست پر تحقیقات کے لئے پانچ رکنی کمیٹی قائم کرکے اسے سات دن میں اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی مگر پانچ روز گزرنے کے باوجود اب تک کمیٹی کے ارکان کو صرف فون پر ان کی تقرری کی اطلاع دی گئی باقاعدہ تقرری کیلئے خط نہ مل سکے۔ کمیٹی کا پہلا اجلاس آج جمعرات کو اسلام آباد میں ہونے کا کا امکان ہے جس میں پی ایچ ایف کے صدر اختر رسول ، سیکرٹری رانا مجاہد علی خان ، کپتان محمد عمران اور چیف کوچ شہناز شیخ کو بھی مدعو کیا گیا ہے کمیٹی کے سربراہ بین الصوبائی رابطے کی وزارت کے سیکرٹری اعجاز چوہدری ہیں ارکان سابق کپتان شہباز سینئر ، سابق کوچ خواجہ جنید ، پی ایچ ایف کے سابق سیکرٹری کرنل ریٹائرڈ مدثر اصغر اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اختر گنجیرا شامل ہیں ۔کمیٹی میں ٹیم کی مجموعی کارکردگی اور کھلاڑیوں کی ذاتی کارکردگی کا جائزہ لیا جائیگا،اور تما م تر رپورٹ وزیراعظم کو ارسال کی جائے گی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی