ومبلڈن ٹینس ،سیمی فائنل کیلئے چار کھلاڑیوں کے نام فائنل ہوگئے
لندن (آئی این پی ) بر طانوی دار لحکومت لندن میں میں جاری ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ کے میچز میں امریکہ کی عالمی نمبر ون سرینا ولیمز ، روسی ٹینس سٹار ماریہ شیرا پووا ، پولینڈ کی اگنیسکا رڈوانسکا اور سپین کی گاربین ماگوروزا نے اپنے اپنے میچ جیت کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ کے کوارٹرفائنل مرحلے میں امریکہ کی عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز کا مقابلہ بیلاروس کی وکٹوریہ آزارینکا کیساتھ ہوا۔ امریکی سٹار پلیئر کو پہلے سیٹ میں شکست ہوئی لیکن انہوں نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے اگلے دو سیٹس میں حریف پلیئر کو زیر کر کے کامیابی حاصل کی۔ ان کی جیت کا سکور تین چھ ، چھ دو اور چھ تین رہا۔ ٹورنامنٹ کے دوسرے کوارٹر فائنل میں روسی سٹار پلیئر ماریہ شیراپووا اور امریکہ کی کوکو واندیواگھے میں مقابلہ ہوا۔ روس کی عالمی نمبر 4 نے امریکی حریف کو چھ تین ، چھ سات اور چھ دو سے ہرایا۔ تیسرے کوارٹر فائنل میں وینزویلا کی گاربین موگوروزا نے سوئٹزر لینڈ کی ٹیمیا بیکسی نکسی کو سات پانچ اور چھ تین سے قابو کیا۔ ایونٹ کے چوتھے کوارٹر فائنل میں پولینڈ کی اگنیسکا رڈوانسکا نے امریکہ کی میڈیسن کیز کیخلاف سات چھ ، تین چھ اور چھ تین سے کامیابی حاصل کی۔ چاروں خوش نصیب پلیئرز ٹورنامنٹ کی سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔