ایشین باکسنگ چیمپئن شپ میں پاکستان کی شرکت مشکوک

ایشین باکسنگ چیمپئن شپ میں پاکستان کی شرکت مشکوک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ( سپورٹس رپورٹر )پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری اقبال حسین نے کہا ہے کہ فنڈز کی کمی کی وجہ سے ایشین باکسنگ چیمپئن شپ میں پاکستان کی شرکت مشکوک ہے جس کے باعث ریو اولمپکس میں قومی باکسنگ ٹیم کے کوالیفائی کرنے کے امکانات کم نظر آرہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ قومی ہاکی ٹیم کے اولمپکس میں کوالیفائی نہ کرنے کے بعد صرف باکسنگ ٹیم ہی کے اولمپک میں کوالیفائی کرنے کی امید ہے لیکن اگست میں بنکاک میں منعقد ہونے والی ایشین باکسنگ چیمپئن شپ جو کہ پہلا کوالیفائنگ راؤنڈ ہے میں ٹیم کی شرکت کو یقینی بنانے کے لئے فیڈریشن کے پاس فنڈز نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی باکسرز نے ماضی میں ایشین چیمپئن شپ سمیت انٹرنیشنل سطح کے مختلف ٹورنامنٹس میں بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کیا ہے اور ان کے پاس اولمپکس میں کوالیفائی کرنے کا مطلوبہ تجربہ اور ٹیلنٹ موجود ہے ۔ایشین چیمپئن شپ میں پاکستانی باکسنگ ٹیم کا شرکت نہ کرنا بدقستمی کی بات ہوگی کیونکہ اس میں شرکت سے اولمپکس میں کوالیفائی کرنے کے ہمارے روشن امکانات ہیں ۔ا قبال حسین نے کہاکہ بی پی ایف چاہتی ہے کہ ایشین چیمپئن شپ کی تیاری کے لئے پاکستان سپورٹس بورڈ ملکی باکسروں کی اعلی پائے کی ٹریننگ کے لئے غیر ملکی کوچز فراہم کرے اور کھلاڑیوں کو تجربہ دلوانے کے لئے کسی بھی اچھے سینٹر ل ایشین ممالک کے دور ے کروائے ۔انہوں نے کہاکہ اولمپکس میں پاکستان کے پرچم کو بلند رکھنے کے لئے ہاکی سے ہمیں بڑی امیدیں تھیں لیکن ٹیم کے اولمپکس کے لئے کوالیفائی کرنے میں ناکامی کے بعد باکسنگ ہماری آخری امید ہے جو کہ پاکستان کے جھنڈا کو اولمپکس میں حصہ لینے والی ٹیموں کے جھنڈوں میں شامل کرواسکتی ہے ۔پی بی ایف کے عہدیدران کا مقصد ہے کہ وہ ایشین باکسنگ چیمپئن شپ میں پاکستان کی 8رکنی باکسنگ ٹیم بھجوائیں اور اس کے لئے وہ عید کے بعد قومی ٹیم کی تیاریاں دوبارہ شروع کروائیں گے کیونکہ کراچی میں منعقد ہونے والا قومی تربیتی کیمپ جس میں 40باکسروں نے شرکت کی تھی سخت گرمی کی وجہ سے بند کردیا گیا ہے ۔
اقبال حسین نے دعوی کیا کہ پی بی ایف نے اڑھائی سالوں کے دوران پی ایس بی سے فنڈز کی مد میں کوئی گرانٹ حاصل نہیں کی ۔اور اس نے غیر ممالک میں ہونے والے بڑے انٹرنیشنل ٹورنامنٹس میں ٹیم کی شرکت کو اپنے ذرائع سے یقینی بنایا ہے ۔