ایف پی سی سی آئی کا کیش ٹرانزیکشن پر ودہولڈنگ ٹیکس واپس لینے کا مطالبہ

ایف پی سی سی آئی کا کیش ٹرانزیکشن پر ودہولڈنگ ٹیکس واپس لینے کا مطالبہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (این این آئی)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے بینکنگ، کریڈٹ اینڈ فنانس کے چیئرمین ڈاکٹر مرزا اختیار بیگ نے حکومت کی جانب سے بینک ٹرانزیکشن پر 0.6 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس عائد کرنے کے فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ ٹیکس کو فی الفور واپس لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں صنعتی و کاروباری سرگرمیاں پہلے ہی جمود کا شکار ہے اور حالیہ فیصلے سے بزنس کمیونٹی میں غیر یقینی صورتحال پائی جاتی ہے جس کی وجہ سے پاکستان کی بڑی کمرشل مارکیٹوں میں تجارتی سرگرمیاں محدود ہوکر رہ گئی ہیں اور لوگ اب اپنی رقوم بینکوں میں جمع کرانے کے بجائے کیش ٹرانزیکشن کررہے ہیں جو ملکی معیشت کیلئے نہایت مضر ہے۔ ڈاکٹر بیگ نے کہا کہ کچھ لوگ بینکوں سے پیسے نکلواکر کیش ڈالرز رکھنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن معیشت کو دستاویزی شکل دینے کی حامی ہے لیکن اس کیلئے ایف بی آر کو نئے ٹیکس دہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لانا چاہئے، بصورت دیگر ملک میں کالا دھن کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے وزیر خزانہ سے مطالبہ کیا کہ وہ تاجروں سے ہونے والی آج کی ملاقات میں ایف بی آر کے ساتھ اس سنگین مسئلے کو حل کریں تاکہ بزنس کمیونٹی میں غیر یقینی صورتحال کا خاتمہ ہوسکے۔

مزید :

کامرس -