پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے چھاپے ،262تاجروں پر مقدمے درج،312گرفتار

پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے چھاپے ،262تاجروں پر مقدمے درج،312گرفتار

 لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر صوبہ بھر میں گراں فروشی ، ذخیرہ اندوزی اوراوزان وپیمائش میں گھپلے کرنے والے دکانداروں کے خلاف مہم جاری ہے۔صوبہ بھر میں گزشتہ روز1525 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 9521 مقامات پر چھاپے مارے اور 1717 دکانداروں اور تاجروں کو قانونی خلاف ورزیوں کا مرتکب پایا ،جس پر 262 مقدمات درج کرکے 312 افراد کوگرفتار کر لیا گیا ۔مزید براں 15 لاکھ 97 ہزار روپے سے زائد جرمانہ بھی عائد کیاگیا۔گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی پر صوبہ میں سب سے زائدجرمانہ ضلع گوجرانوالہ میں ایک لاکھ 55 ہزار روپے عائد کیا گیاجبکہ ڈی جی خان میں 9ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ڈائریکٹوریٹ جنرل انڈسٹریز ،اوزان و پیمائش کی رمضان بازار مانیٹرنگ رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز ضلع لاہور میں 1400سے زائد مارکیٹوں اور دکانوں پر چھاپے مارے گئے اور ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کے حوالے سے 98 مقدمات درج کرکے 164 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ ایک لاکھ 52 ہزارروپے سے زائد جرمانہ بھی عائدکیا گیا۔ صوبہ بھر میں اوزان وپیمائش کی چیکنگ کے لئے گزشتہ روز 2134 مقامات پر چھاپے مارے گئے اور 271 دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔وزیراعلی پنجاب محمدشہباز شریف کی ہدایت پر 314رمضان بازاروں میں52روپے فی کلو چینی ، 10کلوآٹا تھیلا 310روپے میں جبکہ چکن مارکیٹ سے15روپے کم 230روپے کلو فراہم کیا گیا۔گزشتہ روز رمضان بازاروں میں10کلوآٹا کے 74795تھیلے امدادی نرخ پر فروخت کئے گئے جبکہ اوپن مارکیٹ میں 10کلو آٹا کے 9271 اور20کلوآٹا کے 109820تھیلے 330اور660روپے کے امدادی نرخوں پر فراہم کئے گئے ۔ گزشتہ روز رمضان بازاروں میں 52روپے فی کلو امدادی نرخ پر523465 کلوگرام چینی فراہم کی گئی۔ صوبہ میں حکومت اور مخیر حضرات کے تعاون سے 1783 دستر خوانوں پر ایک لاکھ 52 ہزار سے زائد شہریوں نے افطاری کی۔ ضلع لاہور کے دستر خوانوں پر 32239 افراد نے روزہ افطار کیا۔

مزید : علاقائی