واپڈا ہائیدرو الیکٹرک ورکرز یونین اور پیپکو میں مذاکرات ،اہم معاملات طے پا گئے

واپڈا ہائیدرو الیکٹرک ورکرز یونین اور پیپکو میں مذاکرات ،اہم معاملات طے پا ...

لاہور(خبر نگار) ڈسٹری بیوشن، ٹرانسمیشن اور جنریشن کمپنیوں کے ایک لاکھ پچاس ہزار ملازمین کے پے سکیل دس سالہ سروس مکمل ہونے پر 30فیصد سینئر ملازمین کو ادا کئے جائیں گے۔ جن کیڈر کے ملازمین کی ترقی نہیں ہوئی انہیں دو سکیل دس سالہ سروس پر 100فیصد ادا ہوں گے، لائن فورمینوں، میٹر سپروائزروں کو لائن سپرنٹنڈنٹ، میٹر ریڈروں، بل ڈسٹری بیوٹر کی طرح شہر میں مبلغ 1200روپے اور دیہی علاقوں میں دو ہزار روپے موٹر سائیکل الاؤنس ہر ماہ ادا کیا جائے گا اور سندھ ، خیبر پختونخواہ، گدو، جامشورو، مظفر گڑھ، فیصل آباد، ملتان، کوٹری، انفارمیشن ٹیکنالوجی، واپڈا کے ملازمین کو ایک ماہ کی تنخواہ بطور بونس ادا کی جائے گی ۔ملازمین کی دوران ڈیوٹی وفات پانے پر اس کا ایک بچہ یا بیوہ کو فوری ملازمت مہیا کی جائے گی ، دوران ڈیوٹی جانی نقصان پر بیوہ کو دس لاکھ روپے خصوصی امداد کی شرح میں اضافہ کر کے 25لاکھ روپے کر دیا ہے، ڈسٹری بیوشن کمپنیوں میں تعینات دیرینہ بل ڈسٹری بیوٹرز کو موجودہ پے سکیل نمبر5سکیل نمبر6میں ترقی دی جائے گی اس کے علاوہ سات سالہ سروس کے گریجوایٹ اور دس سالہ نان گریجویٹ سروس کے سینئر کلرکوں کے موجودہ پے سکیل نمبر9سے ترقی دیکر سکیل نمبر11ادا کئے جائیں گے۔ یہ اہم فصلے آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے اور پاکستان الیکٹرک پاور کمپنی کی انتظامیہ کے مابین یونین کے ڈیمانڈ نوٹس پر باہمی مذاکرات کے ذریعے پیپکو انتظامیہ کی سربراہی میں طے پائے گئے۔ یونین کی جانب سے بزرگ مزدور راہنما خورشید احمد جنرل سیکرٹری ، عبدالطیف نظامانی صدر، محمد رمضان اچکزئی جوائنٹ صدر، گوہر تاج مرکزی چیئرین و دیگر نمائندگان جبکہ انتظامیہ کی جانب سے یونس ڈھاگہ وفاقی سیکرٹری واٹر اینڈ پاور/چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز، عمر رسول منیجنگ ڈائریکٹر، سعید احمد جنرل منیجر، میاں صغیر احمد ڈائریکٹر جنرل پاکستان الیکٹرک پاور کمپنی کی سربراہی میں کئے۔ اس اثناء میں بزرگ مزدور راہنما ء خورشید احمد، عبدالطیف نظامانی صدر یونین ہذا نے ایک اخباری بیان میں ماہ رمضان المبارک میں کارکنوں کی کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکریہ ادا کیا۔

مزید : علاقائی