حکومت معیار تعلیم کی بہتری اور یکساں مواقع فراہم کرنے پر یقین رکھتی ہے،نواز شریف

حکومت معیار تعلیم کی بہتری اور یکساں مواقع فراہم کرنے پر یقین رکھتی ہے،نواز ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 اوسلو(آن لائن) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں شعبہ تعلیم کی ترقی سمیت دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے پر عزم اور معیار تعلیم کی بہتری اور یکساں مواقع فراہم کرنے پر یقین رکھتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار اانہوں نے بدھ کے روز یہاں ترقی کے لیے تعلیم کے عنوان سے منعقدہ سیمینار میں شرکت کے بعد نوبیل انعام یافتہ پاکستانی طالب علم ملالہ یوسف زئی سے ملاقا ت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے تعلیم بلیغ الرحمن ،وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور مشیر خارجہ برائے قومی سلامتی سرتاج عزیر بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم نوازشریف نے ملالہ یوسفزئی کو پاکستان کا ٖفخر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ لاکھوں لوگ ملالہ کی بہادری اور جرات کو مثال کے طور پر دیکھتے ہیں اور اسی جرات و بہادری کی وجہ اسے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن ہوا۔وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت ملک میں تعلیمی معیار بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہے،ہماری خواہش ہے کہ تعلیم کا بجٹ جی ڈی پی کے 4 فیصد تک لایا جا سکے کیونکہ دہشت گردی کا خاتمہ تعلیم سے ہی ممکن ہے،پڑھا لکھا معاشرہ ہوگا تو ملک میں دہشت گردی نہیں ہوگی۔ملک میں ہزاروں سکولوں کی تعمیر نو کی ہے جو 2005 ء کے زلزلے میں تباہ ہوگئے تھے جبکہ ایک ہزار سکول ابھی بھی زیر تعمیر ہیں جنہیں جلد مکمل کر لیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں اور ملک میں جاری آپریشن ضرب عضب سے دہشت گردوں کے نیٹ ورک تباہ کر دیئے گئے ہیں اور دہشت گردوں کے زیر کنٹرول علاقوں کو خالی کرا لیا گیا ہے اوروہاں امن وامان کی فضاء قائم ہے اور چند بچ جانے والے دہشت گرد بھاگ رہے ہیں۔وزیر اعظم نواز شریف ملالہ یوسف زئی کو نوبل انعام حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی ہے ۔اس موقع ملالہ یوسفزائی نے تعلیم اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہاتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف پاکستان کا کردار ساری دنیا کے سامنے ہے ،پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں جس کا ساری دنیا اعتراف کرتی ہے۔ ملک میں دہشت گردوں کیخلاف جاری آپریشن ضرب عضب سے دہشت گردی میں کمی واقع ہوئی ہے،انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ پاکستان کی عوام اور غریب بچوں کی خدمت کا جو خواب میں نے دیکھا ہے اسے پورا کروں ۔


اوسلو (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ علاقائی تجارت اور سرمایہ کاری میں سہولت کے حامل ادارہ جاتی فریم ورک کی معاونت سے حکومت کی پالیسیاں مارکیٹ کے رجحان اور عملی طرزعمل پر مبنی ہیں، سٹریٹجک محل وقوع کی وجہ سے پاکستان مواقع سے بھرپور مارکیٹ ہے ۔ انہوں نے یہ بات ٹیلی نار ناروے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فریڈرک بکساس سے بدھ کو یہاں اوسلو سمٹ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کر نے ،اس مقصد کیلئے سازگار کاروباری فضاء پیدا کرنے کے لئے جامع فریم ورک مہیاء کرنے کے ضمن میں سرمایہ کاری پالیسی وضع کی گئی ہے۔ وزیراعظم نے پاکستان میں ٹیلی نار کے کردار اور سرمایہ کاری کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ وسطی ایشیاء، خلیج اور مغربی ایشیاء کا دروازہ ہونے کی بناء پر پاکستان کو اسٹریٹجک فائدہ حاصل ہے جو اسے مواقع سے بھرپور مارکیٹ بناتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے پالیسی رجحانات میں تسلسل پایا جاتا ہے جبکہ لبرلائزیشن، ڈی ریگولیشن، پرائیویٹائزیشن اور سہولت کاری اس کے بنیادی اجزاء ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں صارف مارکیٹ نہایت تیز رفتاری سے ترقی کر رہی ہے جیسا کہ فون کے استعمال سے عیاں ہے جو 125 ملین تک پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ٹیلی کام شعبہ نے ڈی ریگولیشن کے بعد خاطر خواہ سرمایہ کاری راغب کی ہے اور گزشتہ دس برسوں کے دوران ٹیلی کام کے بنیادی ڈھانچے میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ ٹیلی نار کے سی ای او نے حکومت کی طرف سے معیشت کے استحکام اور سماجی و اقتصادی بہتری کے حوالے سے اصلاحات اور اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے وزیراعظم کو ٹیلی نار کمپنی کی تاریخ کے بارے میں بھی آگاہ کیا جو 2004ء میں پاکستان میں آئی۔

مزید :

صفحہ اول -