سبزہ زار ، 250 گھروں کو گیس سپلائی کرنیوالا جعلی نیٹ ورک پکڑ لیا گیا

سبزہ زار ، 250 گھروں کو گیس سپلائی کرنیوالا جعلی نیٹ ورک پکڑ لیا گیا

لاہور( خبرنگار) چیف انجینئر سوئی ناردرن گیس کمپنی لاہور ریجن عمران الطاف ساہی کی نگرانی میں سوئی گیس کی خصوصی چھاپہ مار ٹیم نے شہر کے پوش علاقوں میں جن میں سبزہ زار اور نواب ٹاؤن میں آپریشن کے دوران دو بڑے جعلی نیٹ ورک کا سراغ لگا کر لاکھوں روپے ماہانہ کی چوری ہونے والی گیس پکڑ کر مقدمات درج کروا دئیے ہیں۔ چیف انجینئر عمران الطاف ساہی نے گزشتہ روز صحافیوں کو بتایا کہ جی ایم لاہور محمود ضیاء احمد کے حکم پر سبزہ زار کے علاقہ جھگیاں ناگرا میں چھاپہ مار کر ایک جعلی نیٹ ورک پکڑ لیا گیا ہے جس سے 250 گھروں کو گیس کی سپلائی فراہم کی جا رہی تھی۔ اسی طرح نواب ٹاؤن کے علاقہ میں انچارج ملتان روڈ سہیل افتخار کی نگرانی میں چھاپہ مار ٹیم نے ایک بڑے آپریشن کے دوران 500 فٹ لمبی غیر قانونی سپلائی لائن کا سراغ لگا لیا ہے جو کہ ایک ہاؤسنگ سکیم میں جعلی طریقہ اور غیر قانونی طریقہ سے سپلائی لائن بچھائی گئی تھی جس سے لاکھوں روپے ماہانہ کی ہونے والی گیس چوری پکڑی گئی ہے جس سے لاکھوں روپے ماہانہ کے ریونیو کے نقصان کی بچت ہو گی ۔ چیف انجینئر عمران الطاف ساہی نے مزید بتایا کہ لاہور کے پوش علاقوں سمیت مضافاتی ایریا میں بھی گیس چوری کے خلاف آپریشن کو تیز کر دیا گیا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر چھاپے مارے جا رہے ہیں جس میں گیس چوری میں ملوث مافیا کے خلاف بلاامتیاز آپریشن کر کے باقاعدہ مقدمات درج کروائے جا رہے ہیں۔

مزید : صفحہ آخر


loading...