گوجرانوالہ حساس اداروں اور پولیس کا آپریشن فائرنگ کے تبادلے میں خود کش بمبار ہلاک،ساتھی فرار

گوجرانوالہ حساس اداروں اور پولیس کا آپریشن فائرنگ کے تبادلے میں خود کش ...

 گوجرانوالہ) بیورو رپورٹ)گوجرانوالہ پولیس کو حساس اداروں کی طرف سے شہر میں مشکوک افراد کے داخلے کی خفیہ اطلاعات موصول ہوئیں جن کی روشنی میں انٹیلی جنس اداروں اور پولیس نے مشترکہ سرچ آپریشن شروع کر رکھا تھا اور اسی سلسلے میں آج مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران شیخوپورہ روڈ گوجرانوالہ کے قریب زیرتعمیر منی سٹیڈیم میں دو مشکوک شخص نظر آئے جن کو پولیس نے روکا تووہ رکنے کی بجائے بھاگنے لگے اور ساتھ ہی فائرنگ شروع کردی ۔اس طرح پولیس اوردہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہواجو 20 سے 25 منٹ جاری رہاجب فائرنگ رکی تو ایک دہشت گرد کی ڈیڈ باڈی نظر آئی جس کے قریب ایک خود کش جیکٹ پڑی ہوئی تھی جسے بم ڈسپوزل سکواڈ کے ذریعے ناکارہ بنادیا گیا جبکہ دوسرا دہشت گرد بھاگنے میں کامیاب ہو گیالیکن پولیس اس کی گرفتاری کے بارے میں بہت پُر امید ہے کیونکہ یہ علاقہ حساس اداروں کی اطلاعات پر پہلے سے ہی کارڈن آف کیا گیا تھا اور اسکی گرفتاری کے لیے علاقے میں گھرگھر سرچ جاری ہے۔آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے آر پی او / سی پی اوگوجرانوالہ اور ان کی پوری ٹیم کو جرات اور بہادری کا مظاہرہ کرنے پر شاباش دی ہے۔دریں اثناء بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق جیکٹ میں کم از کم بارودی مواد کی مقدار 5 سے 6 کلو تھی اور اسکے علاوہ اس میں کیلیں اور بال بیرنگ بھی برآمد ہوئے ہیں۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کا کہنا ہے کہ اگر دہشت گرد اپنے مقصد میں کامیاب ہو جاتے تو اس سے بہت زیادہ نقصان ہو سکتا تھا۔

مزید : صفحہ آخر