سکوک قرضے کی ادائیگی مدت میں توسیع اور کاٹن سٹاک کی فروخت کی منظوری

سکوک قرضے کی ادائیگی مدت میں توسیع اور کاٹن سٹاک کی فروخت کی منظوری

 اسلام آباد (اے پی پی) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس بدھ کو وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی صدارت میں منعقد ہوا۔ ای سی سی نے ایوی ایشن ڈویژن کی جانب سے پیش کردہ تجویز پر 6.80 ارب روپے کے پی آئی اے سی سکوک سرٹیفیکیٹس قرضے کی ادائیگی کی مدت میں پانچ سال توسیع کی منظوری دیدی۔ سکوک انوسٹرز نے بھی انہیں شرائط کے تحت اس سہولت کو پانچ سال تک بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 2014-15ء کے دوران ٹی سی پی کی جانب سے لینٹ کاٹن کی فروخت کی بھی منظوری دیدی۔ ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان قومی و بین الاقوامی مسابقتی نیلامی عمل کے ذریعے کاٹن کے سٹاکس فروخت کرے گی۔ ٹی سی پی مخصوص قیمت کا تعین کرے گی اور نیلامی کے دوران مخصوص قیمت سے کم ہرگز قبول نہیں کی جائے گی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے رمضان المبارک کے دوران یوٹیلٹی سٹورز پر اشیاء کی عدم دستیابی اور ناقص معیار سے متعلق شکایات کا بھی نوٹس لیا۔ ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن نے فورم کے سامنے وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ تمام سٹورز میں اشیاء وافر مقدار میں موجود ہیں اور تمام اشیاء معیار کے مطابق ہیں۔ وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل کی تجویز پر ای سی سی نے اوگرا کو ہدایت کی کہ خام تیل اور پٹرولیم مصنوعات پر عائد ریگولیٹری ڈیوٹی کی غرض سے جامع ریکوری میکنزم وضع کیا جائے۔

ای سی سی

مزید : صفحہ آخر