ہمیں جمہوریت کو مضبوط کرنا ہو گا ،ملک سے اندھیرے ختم کر دیں گے،حمزہ شہباز

ہمیں جمہوریت کو مضبوط کرنا ہو گا ،ملک سے اندھیرے ختم کر دیں گے،حمزہ شہباز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) نظریاتی سمر سکول میں بچوں کو وطن اور نظریے سے محبت کی تعلیم دی جاتی ہے۔قومیں نظریات سے ہی بنتی اور قائم رہتی ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے 2017ء تک بجلی پیدا کرنیوالے منصوبوں کی تکمیل کے بعدپاکستان سے اندھیروں کا نام و نشان مٹ جائے گا۔ دکھی انسانیت کی خدمت کریں اور قائداعظمؒ کے پاکستان کو خوشحال بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔پاکستان میں جمہوری عمل کا تسلسل بہت ضروری ہے ،مجھے امید ہے لولی لنگڑی جمہوریت ایک دن اپنی منزل پا لے گی۔ہمیں جمہوریت کو مضبوط کرنا ہو گا اسی سے پاکستان کا مستقبل تابناک ہو گا۔اچھا ڈاکٹر یا انجینئر بن جاناکوئی کامیابی نہیں بلکہ اصل کامیابی اچھا انسان بننا ہے۔ان خیالات کااظہارپاکستان مسلم لیگ کے رہنما و رکن قومی اسمبلی میاں حمزہ شہبازشریف نے ایوانِ کارکنان تحریک پاکستان میں نظریاتی سمر سکول کے پندرہویں سالانہ تعلیمی سیشن کے اختتام پر تقریب تقسیم اسناد (Youngester,s Graduation Ceremony)سے بطورمہمان خاص خطاب کے دوران کیا۔ تقریب کی صدارت تحریک پاکستان کے مخلص کارکن،سابق صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان اورچیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ محمد رفیق تارڑ نے کی ۔میاں حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ نظریاتی سمر سکول کا یہ پودا مجید نظامی نے لگایا تھا اور یہ سلسلہ جاری و ساری ہے۔ اس سکول میں بچوں کو وطن اور نظریے سے محبت کی تعلیم دی جاتی ہے اور جذبوں و نظریات سے سرشار ہونا خوش قسمتی کی نشانی ہے۔انہوں نے کہا بچے اپنے والدین کی خدمت کریں کیونکہ ان کی دعائیں آپ کو فرش سے عرش تک پہنچا دیتی ہیں۔یہ دھرتی بھی ہماری ماں ہے ،ہمارے آبا واجداد نے اس ملک کی خاطر بڑی قربانیاں دی ہیں۔ قیام پاکستان کے وقت دورانِ ہجرت مسلمانان برصغیر نے جان و مال کی لازوال قربانیاں دیں۔یہ زخم کبھی بھرتے نہیں ہیں ۔ہم ان قربانیوں سے انصاف اسی صورت کر سکتے ہیں کہ ہم اچھے پاکستانی بنیں۔ہم ایسی سیاست کے قائل ہیں کہ جس سے اللہ اور اس کی مخلوق راضی ہو۔ایم این اے بننا ،سیاست میں آگے نکل جانا، اچھا ڈاکٹر یا انجینئر بن جاناکوئی کامیابی نہیں بلکہ اصل کامیابی اچھا انسان بننا ہے۔انہوں نے کہا اس قوم میں بڑا حوصلہ اور جذبہ ہے، ماضی میں ہر مشکل وقت کا اس قوم نے کمال بہادری سے مقابلہ کیا ہے۔قوم نے زلزلہ متاثرین اور سیلاب زدگان کی دل کھول کر مدد کی ہے۔خود کش حملوں میں بے شمار افراد شہید ہوئے جبکہ ہماری بہادر افواج بھی دہشتگردوں کیخلاف آپریشن میں بے شمار قربانیاں دے رہی ہیں۔میں پاکستان کے تمام شہداء کی ماؤں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنے لہو سے اس دھرتی کو سینچا اور دہشت گردوں کی کمر توڑ ی۔

حمزہ شہباز

مزید :

صفحہ آخر -