سینٹ کی تاریخ میں پہلی بار نماز ظہر کا وقفہ ختم، ایوان میں اذان کی آواز بند کر دی گئی: آئی این پی کا دعویٰ
اسلام آباد (آئی این پی) سینٹ کی تاریخ میں پہلی بار نماز ظہر کا وقفہ ختم کر دیا گیا، ایوان میں اذان کی آواز بھی بند کر دی گئی۔ بدھ کو اجلاس کی صدارت کرنے والے ڈپٹی چیئرمین اور ملک کی ایک بڑی دینی جماعت کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے بھی نماز ظہر کا وقفہ کرنے کی بجائے اجلاس جاری رکھا۔ تفصیلات کے مطابق سینٹ کے موجودہ چیئرمین میاں رضا ربانی کے دور میں سینٹ کی پارلیمانی تاریخ میں پہلی بار نماز ظہر کا وقفہ اور ایوان میں اذان کی گونج ختم کر دی گئی، رمضان المبارک کے دوران پیر کی شام سے شروع ہونے والے اجلاس میں بدھ کو مسلسل دوسری دفعہ نماز ظہر کا وقفہ نہیں کیا گیا بلکہ رمضان المبارک میں عین نماز کے وقفے کے وقت دن ایک بجے اجلاس کا آغاز کر دیا گیا اور ایوان میں نماز ظہر کی اذان سنانے والا ساﺅنڈ سسٹم بھی آف کر دیا جاتا ہے۔ بدھ کو جے یو آئی کے سیکرٹری جنرل غفور حیدری بطور ڈپٹی چیئرمین اجلاس کی صدارت کر رہے تھے تاہم انہوں نے بھی نماز کے وقفے کی رولنگ دینا ضروری نہ سمجھا۔