سینکڑوں خواتین کا سرحد پر ’حملہ‘، زبردستی ہمسایہ ملک میں داخل ہوگئیں

کراکس (نیوز ڈیسک) وینز ویلا کی سینکڑوں خواتین اپنے ملک کے خراب معاشی حالات سے تنگ آ کر ہمسایہ ملک کولمبیا میں جا گھسیں، لیکن ان کا مقصد کوئی تخریب کاری نہ تھا بلکہ یہ تو سرحد پار خریداری کرنے گئی تھیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق وینزویلا کی تقریباً 500 خواتین اپنے شہر یورینا کا بارڈر کراس کرتے ہوئے کولمبیا کے شہر کوکوتا میں داخل ہوگئیں۔ ان خواتین نے واٹس ایپ کے ذریعے ایک دوسرے کے ساتھ رابطہ کیا اور دونوں شہروں کو ملانے والے پل پر جمع ہوگئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے گھروں میں کھانے کو کچھ نہیں اور ان کے بچے بھوک سے بلک رہے ہیں۔
یہ خواتین اپنے ملک کی سرحد کو عبور کرتے ہوئے کولمبیا میں داخل ہوئیں جہاں ان کا مقصد صرف کچھ بنیادی اشیائے ضرورت کی خریداری تھا۔ سرحد پار کرنے کے بعد انہوں نے آٹا، کوکنگ آئل، کارن فلور، چاول اور چینی جیسی چیزیں خریدیں اور پھر واپس آ گئیں۔ دونوں ممالک کے ایکسچینج ریٹ کی وجہ سے خواتین کو کولمبیا میں یہ اشیاء10 گنا زیادہ قیمت پر ملیں۔ رپورٹ کے مطابق خریداری کرنے کے بعد خواتین وینز ویلا کا قومی ترانہ پڑھتے ہوئے واپس اپنے ملک کی طرف روانہ ہوئیں۔ انہوں نے سرحد پر موجود کولمبیا کے سرحدی گارڈز کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے انہیں اپنے ملک کی سرحد پار کرکے خریداری کرنے کی اجازت دی۔