چینی کمپنی نے تربیلا پر نئے بجلی گھر کی تعمیر روک دی

چینی کمپنی نے تربیلا پر نئے بجلی گھر کی تعمیر روک دی

  

  صوابی(این این آئی) تربیلا ڈیم کے توسیعی منصوبے پر کام کرنے والی چینی کمپنی سائینوہائیڈرو نے منصوبے پر کام کے دوران شٹرنگ منہدم ہونے کے نتیجے میں 3 چینی انجینئرز سمیت 6 افراد کی ہلاکت کے واقعہ کے بعد نئے بجلی گھر کی تعمیر کا کام غیر معینہ مدت تک کے لیے روک دیا۔ نجی ٹی وی نے کمپنی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ بدقسمت سائٹ پر تعمیر کا کام دوبارہ کب شروع کیا جائے گا۔رابطہ کرنے پر ایک عہدیدار نے بجلی گھر کی تعمیر کے کام کو غیر معینہ مدت تک روکے جانے کی تصدیق کی اور کہا کہ ابھی تک یہ واضح نہیں کہ کام کا دوبارہ آغاز کب کیا جائیگا۔عہدیداران کے مطابق کمپنی انتظامیہ ملازمین کو اس حوالے سے آگاہ کردے گی کہ کام کا دوبارہ آغاز کب کیا جائے گا۔

دوسری جانب کمپنی ملازمین کے مطابق انھیں بتایا گیا ہے کہ وہ 12 جولائی تک چھٹی پر ہیں۔ایک کمپنی ملازم نے بتایاکہ 12 جولائی تک تعمیر کا کام شروع ہوتا ہے یا نہیں، ہم چینی کمپنی کو رپورٹ کرنے کے پابند ہیں، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ڈیوٹی کارڈز پر لکھا ہوا ہے کہ ہم 12 جولائی تک چھٹی پر ہیں، تاہم ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ کام کی بحالی میں بہت زیادہ تاخیر نہیں کی جائے گی۔دوسری جانب ایک ملازم کے مطابق سوئچ یارڈ پر کام جاری رہے گا۔یاد رہے کہ رواں ماہ 3 جولائی کو تربیلا ڈیم کے توسیعی منصوبے پر کام کے دوران شٹرنگ مہندم ہونے سے 3 چینی انجینئرز سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

مزید :

کامرس -