یمن، فوجی اڈے پر القاعدہ کا حملہ، 7 اہل کار جاں بحق
صنعا (اے پی پی) یمن میں سرکاری فوج عدن انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے نزدیک واقع "الصولبان فوجی کیمپ" کے اڈے کو واپس لینے میں کامیاب ہو گئی ہے۔ کارروائی کے دوران اڈے میں چھپے ہوئے القاعدہ کے تمام مسلح ارکان کو ہلاک کر دیا گیا۔فوجی ذرائع کے مطابق "الصولبان کیمپ" کو دھماکا خیز مواد سے بھری دو گاڑیوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ اس کے نتیجے میں کم از کم 7 فوجی اہل کار جاں بحق ہوگئے۔فوجی ذرائع نے مزید بتایا کہ مسلح افراد نے عدن میں فوجی اڈے کو کار بم دھماکوں کا نشانہ بنانے کے بعد اس کی مرکزی عمارت پر قبضہ کرلیا تھا۔ذرائع کے مطابق "سرکاری فوج نے عمارت کا گھیراؤ کرلیا جہاں مسلح عناصر چھپے ہوئے تھے"۔بعد ازاں حملہ آوروں اور فوج کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئیں اس دوران جانبین کے درمیان فائرنگ ، راکٹ لانچروں اور چھوٹے ہتھیاروں کا استعمال جاری رہا۔عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ عمارت میں 15 سے 20 شدت پسند چھپ گئے تھے۔مذکورہ اڈے پر یہ حملہ یمن میں عید کے پہلے روز کیا گیا۔ صدر عبدربہ منصور ہادی کی وفادار فوج کا عدن پر کنٹرول ہے۔ تاہم شہر کو حوثی باغیوں سے آزاد کرانے کے ایک سال بعد بھی فوج کو عدن میں امن کے قیام کے حوالے سے مشکل کا سامنا ہے۔دوسری جانب حوثی اور معزول صدر صالح کی ملیشیاؤں نے صبح سویرے تعز شہر کے مغرب میں بریگیڈ 35 کے ہیڈکوارٹر پر بڑا حملہ کیا۔