فلسطینی اسیران پر مزید پابندیوں کا اسرائیلی منصوبہ تیار
الناصرہ ( اے این این )اسرائیلی پارلیمنٹ 'کنیسٹ' میں ایسا بل پیش کرنے کی تیاری کی جارہی ہے جس کے نتیجے میں فلسطینی اسیران خصوصا حماس سے تعلق رکھنے والے قیدیوں پر دوران قید مزید پابندیاں لگائی جائیں گی۔اس بل کے تحت فلسطینی اسیران کی ملاقاتوں پر پابندی، ٹی وی دیکھنے، کینٹین سے خریداری اور جیل میں تعلیم حاصل کرنے پر پابندی لگا دی جائے گی۔اس بل کو کے ممبر کنیسٹ عودید فوریر کی جانب سے پیش کیا جائے گا۔ فوریر نے اس بل کو اسرائیل کے وزیر داخلہ سیکیورٹی گیلاد ایردان کی حمایت حاصل کرنے کے لئے ان کے ساتھ اس بل پر بحث کی ہے۔اسرائیلی میڈیا کے ذرائع کے مطابق اس بل کو اسرائیلی وزیر افیغدور لیبرمین کی حمایت حاصل ہے۔ اس وقت اسرائیلی جیلوں میں 7 ہزار فلسطینی اسیران ہیں جن میں سے سیکڑوں کسی مقدمے یا عدالت میں پیشی کے بغیر جیل میں رکھے گئے ہیں۔