اسرائیل توسیع پسندانہ عزائم کو فوری منسوخ کرے ٗ مصر
قاہرہ ( اے این این )مصری وزارت خارجہ نے اسرائیلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں یہودی آبادکاری کے نئے منصوبوں کو فوری طور پر منسوخ کردیں۔مصری وزارت کی جانب سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں اسرائیل کی جانب سے توسیع پسندی کے منصوبوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیلی حکام ان منصوبوں کو منسوخ کردیا جائے۔ بیان میں کہا گیا کہ ایسے منصوبوں سے اسرائیلی اور فلسطینیوں کے درمیان امن کے امکانات کم ہوجاتے ہیں۔اس تناظر میں اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت مغربی کنارے اور بیت المقدس میں یہودی بستیوں کی تعمیر کا کام تیز کرنے کے لئے خصوصی کوششیں کررہی ہے۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق نیتن یاہو نے گزشتہ اتوار کے روز کابینہ کی میٹنگ میں حکم جاری کیا ہے کہ تمام وزرا یہودی بستیوں کی تعمیر کو تیز کرنے کے لئے مل کر کام کریں۔