ودہولڈنگ ٹیکس کے معاملے پر تاجر برادری کے حق میں فیصلہ کیا جائے، لاہور چیمبر
لاہور(کامرس ڈیسک) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد ارشد نے وفاقی و صوبائی حکومتوں پر زور دیا ہے کہ بینکنگ ٹرانزیکشن پر ودہولڈنگ ٹیکس، کاروباری بینکوں اکاؤنٹس تک رسائی ، ٹیکس عملے کی جانب سے صوابدیدی اختیارات کے غلط استعمال اور پنجاب انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کے معاملات پر تاجر برادری کے حق میں فیصلہ کریں تاکہ تجارتی و معاشی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہو۔ الاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ ان مسائل نے تاجر برادری کو بے چینی میں مبتلا کررکھا ہے جس کی وجہ سے وہ اپنے کاروباری یکسوئی سے نہیں کرپارہی ، اگر ان معاملات پر وفاقی و پنجاب حکومتیں تاجر برادری کی خواہشات کے مطابق فیصلہ کرتی ہیں تو اس سے نہ صرف کاروباری سرگرمیاں اور تاجروں کا حکومت پر اعتماد بڑھے گا بلکہ وفاقی و صوبائی حکومتیں اْس سے کہیں زیادہ محاصل حاصل کرسکیں گی جن کی توقع بینکوں سے لین دین پر ودہولڈنگ ٹیکس اور پنجاب انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس سے کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسائل حل ہونے کی وجہ سے سٹاک مارکیٹ پر جو مثبت اثرات مرتب ہونگے وہ غیرملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی جانب متوجہ کریں گے جو کسی بھی ملک کی معیشت کو جانچنے کے لیے سٹاک مارکیٹ کو بطور پیمانہ جانچتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت کاروباری برادری غیرموافق حالات میں کاروبار کررہی ہے، ایک طرف تو ٹیکس اہلکاروں کے صوابدیدی اختیارات، بینکوں سے لین دین پر ودہولڈنگ ٹیکس اور بینک اکاؤنٹس تک رسائی جیسے معاملات نے تاجروں کو پریشان کررکھا ہے تو دوسری طرف پنجاب انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس جیسے اقدامات مشکلات مزید بڑھارہے ہیں۔ شیخ محمد ارشد نے کہا تاجر توقع کررہے تھے کہ وفاقی و صوبائی بجٹ میں یہ مسائل حل کرنے کے لیے واضح اعلان کیا جائے گا لیکن یہ امید پوری نہیں ہوپائی۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو ٹیکس اہلکاروں کے صوابدیدی اختیارات میں فوری کمی کرے کیونکہ ان کی وجہ سے محاصل بڑھنے کے بجائے تاجروں کے مسائل میں اضافہ اور خوف و ہراس کی فضا پیدا ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کے بینک اکاؤنٹس تک رسائی بھی فی الفور روکی جائے کیونکہ اس کی وجہ سے تاجر خود کو غیر محفوظ تصور کررہے ہیں۔ اسی طرح بینکوں سے لین دین پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس نے بھی تاجروں کو پریشان کررکھا ہے اور اب تاجروں کی اکثریت بینکوں کے بجائے نقد اور دیگر ذرائع سے لین دین کررہی ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے پنجاب حکومت پر بھی زور دیا کہ وہ پنجاب انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس کی فوری واپسی کا اعلان کرے کیونکہ اس کی وجہ سے صوبے میں تجارتی سرگرمیاں متاثرہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعت و تجارت کے وسیع تر مفاد میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور پنجاب حکومت کو یہ اقدامات فوری طور پر اٹھانا ہونگے تاکہ تاجروں کا اعتماد بڑھے اور وہ ذہنی سکون سے اپنے کاروبار اور ملک کی ترقی و خوشحالی میں کردار ادا کرسکیں۔