جرمنی اورویلز کو شکست ، یوروکپ کا فائنل کل پرتگال اور فرانس کے درمیان ہو گا

جرمنی اورویلز کو شکست ، یوروکپ کا فائنل کل پرتگال اور فرانس کے درمیان ہو گا

  

لیون+پیرس(این این آئی) یورو کپ 2016 کے پہلے سیمی فائنل میں پرتگال نے ویلز کو 0۔2 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔یورو کپ کا پہلا سیمی فائنل فرانس کے شہر لیون میں کھیلا گیا جس میں پرتگال کا مقابلہ پہلی بار کسی بڑے ایونٹ تک رسائی حاصل کرنے والی ویلز کی ٹیم سے تھا۔ میچ کے آغاز میں دونوں ٹیموں نے اپنے اپنے حریف کو کوئی گول کرنے کا موقع نہیں دیا، پرتگال کے اسٹار کھلاڑی رونالڈو کو 2 مواقع ملے جنہیں انہوں نے مس کردیا ٗ ویلز کے کھلاڑیوں نے بھی پرتگال کے گول پر حملے کیے تاہم وہ بھی گول کرنے میں ناکام رہے۔میچ کے 50 ویں منٹ میں رونالڈو نے ہیڈر سے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جس کے کچھ دیر بعد ہی نانی نے دوسرا گول کرکے اپنی ٹیم کی پوزیشن کومزید مضبوط بنادیا اورمیچ کے اختتام تک ویلز یہ برتری ختم کرنے میں ناکام رہا۔ یہ پہلا موقع تھا کہ ویلز کی ٹیم کسی بھی بڑے ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔دوسری جانب کرسٹینا رونالڈو یورو 2016 کا پہلا سیمی فائنل کھیل کر یورو کپ کے 3 سیمی فائنل کھیلنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں جبکہ یورو فٹبال کپ 2016 کے دوسرے سیمی فائنل میں فرانس نے جرمنی کو شکست دیدی ۔فرانس کے شہر مارسے میں یورو فٹ بال کپ 2016 کے دوسرے سیمی فائنل میں میزبان فرانس اور جرمنی کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ دیکھا گیا۔ کھیل کے آغاز میں گیند زیادہ تر جرمن ٹیم کے قابو میں رہی اور فرانس دفاع پر مجبور دکھائی دے رہا تھا۔ لیکن میچ کا دوسرا ہاف فرانس کا ثابت ہوا اور فرانس کے کھلاڑی تابڑ توڑ حملے کرتے رہے۔ میچ کے 31 ویں منٹ میں جرمن اسٹرائیکرز نے ایک اور بھرپور حملہ کیا لیکن اسے گول میں تبدیل کرنے میں ناکام رہے۔پہلا گول میچ کے پہلے ہاف کے آخری لمحات میں اس وقت ہوا جب جرمنی کے ڈیفینڈر شوان اسٹائیگر کے ہاتھ پر فٹ بال لگا اور فرانس کو پنلٹی دے دی گئی جسے انٹوئنی گریزمین نے گول میں بدل دیا اور یوں پہلے ہاف کے اختتام پر فرانس کو ایک صفر سے برتری حاصل ہوگئی۔ گریزمین نے ہی فرانس کی جانب سے دوسرا اور آخری گول کھیل کے 72 ویں منٹ میں کیا۔ اس طرح فرانس نے جرمنی کو صفر کے مقابلے میں 2 گول سے ہرا کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔یورو فٹبال کپ 2016 کا فائنل اتوار کے روز پیرس میں فرانس اور پرتگال کے درمیان کھیلا جائے گا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -