بیرونی آقاؤں کی آشیر باد حکمرانوں کو احتساب سے نہیں بچا سکتی،سرفراز نیازی
لاہور(پ ر) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سرفرازخان نیازی نے کہا ہے کہ بیرونی آقاؤں کی آشیربادحکمرانوں کوعوامی احتساب سے نہیں بچا سکتی ۔ عیدگزرگئی اب ہرنیا دن حکمرانوں پربڑا بھاری گزرے گا۔کسی دوسرے ملک سے حمایت مانگ کر نوازحکومت کو خودمزید کمزورکرلیا۔چاروں صوبوں کے عوام عمران خان کی قیادت میں جھرلو حکومت کیخلاف زوردارتحریک شروع کرنے کیلئے بے چین ہیں۔وہ ایک عیدملن پارٹی سے خطاب کررہے تھے ۔سرفرازخان نیازی نے مزید کہا کہ پاکستان کی معاشی بدحالی میں ملوث چہروں پرسے نقاب اترگیا ۔ حکمرانوں نے چوری اورسینہ زوری سے جوپیسہ بچایااورچھپایاوہ ان سے ''پچایا '' نہیں جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اب حکمرانوں کی کوئی فنکاری اورشعبدہ بازی انہیں احتساب سے نہیں بچاسکتی ۔کپتان کے ٹائیگرز ٹیکس چورحکمرانوں کا وجودمزید برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب دوبارہ حکمرانوں کوعلاج کے نام پرراہ فرارنہیں ملے گی۔دوسروں کی پگڑیاں اچھالنابہت آسان ہے مگر جب اپناگریبان تارتارہوتا ہے تودن میں تارے نظرآنے لگتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوسروں کے میڈیا ٹرائل کرنے میں شریف برادران کاکوئی ثانی نہیں مگر اس بار حکمرانوں کودولت چھپانے اورٹیکس بچانے کی پاداش میں ہزیمت کاسامنا کرناپڑرہا ہے۔