داعش کے خلاف اسلامی سربراہی کانفرنس بلائی جائے،علامہ ریاض
لاہور( نمائندہ خصوصی) جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سید ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ داعش کے خلاف مشترکہ حکمت عملی کی تیاری کیلئے اسلامی سربراہی کانفرنس طلب کی جائے۔ سانحہ مسجد نبوی امت مسلمہ کی غیرت کیلئے بڑا چیلنج ہے،داعش کافروں سے نہیں مسلمانوں سے لڑ رہی ہے۔ تمام مکاتب فکر اختلافات بھلاکر حرمین شریفین کے دفاع کیلئے یک جان ہو جائیں ۔ روضہ رسول کی حرمت ہر مسلمان کو اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتفاق مسجد ماڈل ٹاؤن لاہور میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید ریاض حسین شاہ نے مزید کہا کہ داعش کی وجہ سے مسلمانوں کو نقصان اور کافروں کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ داعش اسلام دشمن ایجنڈ ے پر چل رہی ہے۔ اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں پر حملہ آور ہیں۔ داعش والے فساد فی الارض کے مجرم ہیں۔ دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے خارجیت اور تکفیریت کا خاتمہ ضروری ہے۔