بھارتی فوج نے حزب المجاہدین کے برہان وانی سمیت 3حریت پسندوں کو شہید کر دیا،سید علی گیلانی نے کشمیر میں آج مکمل ہڑتال کا اعلان کر دیا

بھارتی فوج نے حزب المجاہدین کے برہان وانی سمیت 3حریت پسندوں کو شہید کر ...
بھارتی فوج نے حزب المجاہدین کے برہان وانی سمیت 3حریت پسندوں کو شہید کر دیا،سید علی گیلانی نے کشمیر میں آج مکمل ہڑتال کا اعلان کر دیا

  

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی فوج نے 3سال سے درد سر بننے والے حزب المجاہدین کے معروف کمانڈر برہان وانی سمیت 3 حریت پسندوں کومقابلے میں شہید کرنے کا دعوی کیا ہے ۔

انڈین نجی چینل ’’این ڈی ٹی وی ‘‘ کے مطابق برہان وانی تین سال سے بھارتی آرمی کے لئے درد سر بنا ہوا تھا اور سوشل میڈیا پر نوجوانوں کو کشمیری جہادی تنظیم ’’حزب المجاہدین میں شامل ہونے کے لئے اکساتا تھا ، 22سالہ کشمیری مجاہد برہان وانی پر بھارتی فوج نے 10لاکھ روپے انعام بھی رکھا ہوا تھا ،جنوبی کشمیر کا رہائشی تحریک آزادی کشمیر میں کافی فعال تھا اور بھارتی فوج کا کہنا ہے کہ برہان وانی سرینگر، انت ناگ اور پلوامہ میں پولیس والوں کے مارے جانے کے پیچھے بھی اسی کا ہاتھ تھا ۔جموں کشمیر پولیس کے ڈی جی پی کا کہنا ہے کہ برہان وانی کی شہادت سیکورٹی فورسز کے لئے ایک بڑی کامیابی ہے ،وہ نوجوانوں کو ورغلاتا اور ان کو متاثر بھی کرتا تھا.

مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے ترال کے رہنے والے برہان کے والد ایک سرکاری ملازم ہیں۔برہان کی شہادت کی اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیمیں حرکت میں آ گئیں اور گاؤں سے باہر نکلنے والے تمام راستوں کو سیل کر دیاہے ۔دوسری طرف جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلی عمر عبداللہ نے بھی ٹوئٹر پر کہا کہ اگر برہان مارا گیا ہے تو کشمیر میں اگلے کچھ دن کشیدہ ہو سکتے ہیں جبکہ برہان وانی کی شہادت کے پیش نظر کشمیر میں آج( ہفتہ کے روز) ہونے والی بورڈ کے امتحانات ملتوی کر دیئے گئے ہیں ،جبکہ کشمیری حریت پسند رہنما سید علی شاہ گیلانی نے برہان کی شہادت پرآج کشمیر میں مکمل ہڑتال کا اعلان کیا ہے ۔یاد رہے کہ 2010ء میں بھارتی فوج نے برہان وانی کے بھائی کو بھی شہید کر دیا تھا ۔

مزید :

انسانی حقوق -اہم خبریں -