شہر کے مختلف علاقوں سے 6افراد کی لاشیں برآمد

شہر کے مختلف علاقوں سے 6افراد کی لاشیں برآمد

  

لاہور(وقائع نگار)عید کے تین روز میں شہر کے مختلف علاقوں سے 6افراد کی لاشیں برآمد ،پولیس نے پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانہ میں منتقل کر دیں ۔پولیس کے مطابق ڈیفنس بی کے علاقہ سے مقامی افراد کو ایک خالی پلاٹ میں 28سالہ نوجوان کی لاش پڑی ہوئی ملی جس پر انہوں نے پولیس کو اطلاع دی جنہوں نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر کے شناخت نہ ہونے پر لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانہ میں منتقل کر دیا ہے ۔پولیس کے مطابق نوجوان کو ہاتھ باندھ کر تشدد کر کے قتل کیا گیا تھا اس حوالے سے اس کے ورثا کی تلاش شروع کر دی ہے جلد ہی حقائق سامنے آ جائیں گے ۔اسی طرح سے نواں کوٹ کے علاقہ میں مقامی قبرستان سے لوگوں کو ایک 40سالہ شخص کی لاش ملی جس پر انہوں نے پولیس کو اطلاع دی ۔پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت اسلم کے نام سے ہوئی ہے اور وہ حلیہ سے نشئی معلوم ہوتا ہے ۔چوہنگ کے علاقہ ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب جناح ٹرمینل سے مقامی افراد کو ایک 60سالہ بزرگ کی لاش ملی جس پر انہوں نے پولیس کو اطلاع دی پولیس کے مطابق متوفی کی موت ہارٹ اٹیک کی وجہ سے ہوئی ہے اس کے ورثا کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔ ٹبی سٹی کے علاقہ تحصیل بازار سے مقامی افراد کو ایک 50سالہ شخص کی لاش سڑک کنارے پڑی ہوئی ملی جس پر انہوں نے پولیس کو اطلاع دی پولیس کے مطابق متوفی حلیہ سے نشئی لگتا ہے۔لاری اڈہ کے علاقہ میں مینار پاکستان سے مقامی افراد کو 45سالہ شخص کی لاش ملی جس پر انہوں نے پولیس کو اطلاع دی پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت نہیں ہو سکی ہے اس کی موت کے حوالے سے حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آنے پر ہی واضح ہوں گے ۔اسی طرح سے بھاٹی گیٹ کے علاقہ سے بھی ایک نامعلوم شخص کی لاش پولیس کو ملی ۔پولیس نے تمام لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانہ میں منتقل کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

مزید :

علاقائی -