ڈاکٹروں نے فضائی سفر کی اجازت دیدی ، وزیر اعظم نواز شریف آج وطن واپس پہنچیں گے

ڈاکٹروں نے فضائی سفر کی اجازت دیدی ، وزیر اعظم نواز شریف آج وطن واپس پہنچیں ...

  

لندن/لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک،نمائندہ خصوصی) اوپن ہارٹ سرجری کے بعد وزیراعظم نواز شریف نے وطن واپسی کیلئے تیاریاں کر لی ہیں۔ ڈاکٹروں نے فضائی سفر کی اجازت دے دی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی کیلئے خصوصی طیارہ آج لندن پہنچے گا۔ ہیتھرو ایئرپورٹ پر لینڈنگ کا انتظام نہ ہوا تو سٹینسٹڈ ایئرپورٹ پر اتارا جائے گا۔ وزیراعظم برطانوی وقت کے مطابق آج صبح سات بجے روانہ ہونگے۔ ان کے اہل خانہ بھی اسی طیارے میں سفر کریں گے۔ ترجمان پی آئی اے نے وضاحت کی ہے کہ وزیراعظم کی صحت کے باعث ان کا دفتر جزوی طور پر لندن منتقل ہو گیا تھا۔ وزیراعظم کے روبصحت ہونے کے بعد پاکستان منتقل کیا جانا ہے۔ کیمپ آفس پاکستان منتقل کرنے کیلئے پی آئی اے نے خصوصی طیارہ مختص کیا ہے۔دریں اثناء نجی ٹی وی سے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ اب بہت بہتر محسوس کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دعاؤں کے لیے پاکستانی قوم کا شکر گزار ہوں اور ہم پاکستان کی خدمت کرتے رہیں گے۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اپنے طبی معائنے کے لئے گزشتہ ماہ 22مئی کو اپنی اہلیہ کلثوم نواز کے ہمراہ لندن روانہ ہوئے تھے جہاں پر ان کے مختلف ٹیسٹوں کے بعد 31مئی کو اوپن ہارٹ سرجری ہوئی تھی جس کے بعد ڈاکٹروں نے انہیں ہوائی سفر سے منع کر دیا تھا۔ آج وزیراعظم نواز شریف کے ہمراہ ان کے اہل خانہ اور فیملی ڈاکٹربھی واپس آئیں گے۔ لاہور ائیر پورٹ آمد پر وزیر اعلیٰ شہباز شریف سمیت پارٹی کے مرکزی قائدین ان کے استقبال کیلئے موجود ہوں گے ۔ دوسری جانب ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ عام پروازوں پرزیادہ نشستیں دستیاب نہ ہونے پر پی آئی اے نے وزیر اعظم کے لئے طیارہ مختص کر دیا ہے ۔

وزیراعظم

مزید :

صفحہ اول -