وزیراعظم کی صحت یابی کروڑوں پاکستانیوں کی دعاؤں کا ثمر ہے، وزیر اعلی
لاہور( این این آئی)وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام اپنے قائد وزیراعظم محمدنوازشریف کی صحت یابی اوروطن واپسی پر خدائے بزرگ و برتر کے شکرگزار ہیں ۔ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم کی صحت یابی زندگی کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے کروڑوں پاکستانیوں کی دعاؤں کا ثمر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام وزیراعظم کی صحت یابی اوردرازی عمر کیلئے دعا گو ہیں کیونکہ وہ دیانتداری سے یہ سمجھتے ہیں کہ قدرت نے ایٹمی دھماکوں کے ذریعے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے تاریخی کارنامے کی طرح پاکستان کی سلامتی و ترقی اور اہل پاکستان کی خوشحالی کے لئے ان سے بہت سے کام لینے ہیں ۔محمد شہبازشریف نے کہا کہ میں اپنے اور اپنے خاندان کی طرف سے ان تمام ماؤں، بہنوں ، بیٹیوں، بھائیوں اور بزرگوں کا شکرگزار ہوں جنہوں نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بار گاہ الٰہی میں اپنی عبادتوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے وزیراعظم محمد نوازشریف کی شفاء یابی کیلئے دعائیں کیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں پاکستان کی مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کا بھی شکریہ ادا کرتاہوں کہ انہوں نے انسانی جذبوں اوراعلی اقدار کی پاسداری کرتے ہوئے اپنے سیاسی اختلافات کے باوصف، وزیراعظم کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اوران کی صحت یابی کے لئے دعائیں کی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں خداتعالیٰ سے ان لوگوں کے لئے بھی ہدایت کی دعا مانگتا ہوں جنہوں نے وزیراعظم کے نازک ترین آپریشن اورعارضہ قلب جیسی صورتحال کو بھی ذاتی اورسیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرنے کی کوشش کی ۔