دکھی انسانیت کو اپنی خوشیوں میں شامل کرنا ہی عیدکا اصل مقصد ہے ، شہباز شریف
لاہور(اے این این )وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے عید کے روز چلڈرن ہسپتال کا بغیر پروٹوکول دورہ کیا۔وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں زیر علاج بچوں و بچیوں میں عید کے تحائف اور عیدی تقسیم کی۔وزیراعلی نے زیرعلاج بچوں وبچیوں کی عیادت کی ا ور ان کے علاج معالجے کے حوالے سے ڈاکٹروں کو ضروری ہدایات جاری کیں۔وزیراعلیٰ نے زیر علاج بچوں و بچیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔وزیراعلی مختلف وارڈز میں گئے اور بچوں اوران کے لواحقین کوعید کی مبارکباد دی۔لواحقین نے وزیراعلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بچوں کی ہسپتال میں بہترین دیکھ بھال ہورہی ہے۔ زیرعلاج بچوں کے لواحقین نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والے طبی سہولتوں پر اطمینان کا اظہارکیا۔وزیراعلی نے دورے کے دوران ہسپتال انتظامیہ کوہدایت دیتے ہوئے کہا کہ صفائی کرنے والے عملے کو وردیاں پہنائی جائیں۔ ہسپتال انتظامیہ کا فرض ہے کہ وہ بنیادی ضروریات پر بھی بھرپور توجہ دے۔ٹوائلٹس میں صابن یا ہینڈ واش لازمی رکھا جائے۔وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں موجود ڈاکٹروں ،نرسوں اورپیرا میڈیکل سٹاف کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہاکہ عید کی تعطیلات کے باوجود دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے آپ کا جذبہ قابل ستائش ہیں۔دورے کے بعد وزیراعلیٰ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں عیدالفطرکے موقع پرپوری قوم کومبارکباد دیتا ہوں۔دکھی انسانیت کو اپنی خوشیوں میں شامل کرنا ہی عید کا اصل مقصد ہے۔اللہ تعالی نے جن لوگوں کووسائل سے نوازا ہے ان کا فرض ہے کہ وہ کم وسیلہ افراد کے سرپر دست شفقت رکھیں اور انہیں بھی اپنی خوشیوں میں شریک کریں۔آج خوشیاں بانٹنے کا دن ہے اور میں قوم کے ان بچوں کے ساتھ خوشیاں بانٹنے آیا ہوں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج عہد کرنا ہوگا کہ ہم بے بنیاد باتوں پر وقت ضائع نہیں کریں گے اور اگر کسی نے قوم کا وقت ضائع کرنے کی کوشش کی تو خدانخواستہ یہ ملک آگے نہیں بڑھے گا۔آج کا دن خوشیاں منانے کا دن ہے ،قوم کو تقسیم کرنے کا نہیں۔حکومت ہویا اپوزیشن ،سیاستدان ہویا کوئی اورطبقہ کسی کو قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔آج اتحاد کا دن ہے اور میرا پیغام بھی اتحاد اور اتفاق کا ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف سے میرا رابطہ ہوا ہے ،اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے ان کی صحت تسلی بخش ہے۔
شہباز شریف
لاہور(اے این این )وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے فیصل آباد،بہاولپور ، لاہور اوربعض دیگر شہروں میں ون ویلنگ کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطح کی انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے ۔چیئرمین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم انکوائری کمیٹی کے کنوینرجبکہ ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب، سپیشل سیکرٹری محکمہ داخلہ اور میو ہسپتال کے آرتھو پیڈک ڈاکٹر کمیٹی کے ممبران ہوں گے۔یہ کمیٹی ون ویلنگ کے واقعات کا جائزہ لے کر غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کرے گی اورکمیٹی آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے حوالے سے سفارشات بھی پیش کرے گی۔کمیٹی اگلے 48گھنٹے میں رپورٹ وزیراعلیٰ کو پیش کرے گی۔
ون ویلنگ