افتخار چوہدری نے عہدے کوذاتی ایجنڈے کیلئے استعمال کیا،اعتزازاحسن
اسلام آباد( اے این این)سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اور پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری پر اپنے عہدے کا غلط استعمال کیا۔ ایک انٹرویو میں اعتزاز احسن نے کہا کہ پاکستان نے آج تک افتخارچوہدری جتنا طاقتور چیف جسٹس نہیں دیکھا اور نہ ہی مستقبل میں کبھی دیکھے گا ہم نے ایک صدر، آرمی چیف اور جمہوری حکومت کو ان کی بحالی پر مجبور کیا لیکن افتخار چوہدری نے یہ موقع گنوا دیا اور اپنے ذاتی ایجنڈے کی تکمیل کیلئے اس کا استعمال کیا۔ مجھے اب بھی اس بات کا افسوس ہے ۔انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہوتی اگر افتخار چوہدری ماتحت عدلیہ کی اصلاحات کیلئے کچھ کرتے کیونکہ ایک عام آدمی کا قانونی نظام میں پہلا واسطہ ماتحت عدلیہ سے پڑتا ہے، وہاں، رشوت اور جبر ہوتا ہے، اچھے وکلا اور ججز بھی ہیں لیکن ان میں اکثریت ظلم اور جبر کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس میمو گیٹ اسکینڈل، قومی مفاہمتی آرڈیننس کے مقدمے میں ملوث تھے تاہم افتخار چوہدری پر الزامات اور گلے شکوے ہونے کے باوجود سینئر سیاستدان اور ماہر وکیل نے کہا کہ انہیں ملک میں عدلیہ کی آزادی کیلئے چلائی گئی تحریک کا حصہ بننے کا کوئی افسوس نہیں اور اس حوالے سے میرا کردار افتخار چوہدری سے نہیں بلکہ عدالتی نظام اور ادارے کے لئے تھا۔
اعتزاز احسن