دہشتگرد وں کاہر جگہ پیچھا کرینگے ، بارڈرمینجمنٹ اور افغان مہارجرین کی واپسی ہماری ترجیح ہے ، راحیل شریف

دہشتگرد وں کاہر جگہ پیچھا کرینگے ، بارڈرمینجمنٹ اور افغان مہارجرین کی واپسی ...

  

 راولپنڈی،باغ،کیل،میرانشاہ(آئی این پی ،اے این این ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے شمالی وزیرستان دہشت گرد وں کیخلاف آپریشن میں مصروف جوانوں کے ساتھ عید منائی ۔شوال اور دتہ خیل میں فرنٹ لائن پر فوجی جوانوں سے ملاقاتوں کے دوران انہوں نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے جوانوں کے عزم اور حوصلے کو سراہا۔آرمی چیف نے باغ اور کیل کے ساتھ لائن آف کنٹرول کا بھی دورہ کیااور محاذ اول پر فرائض سرانجام دینے والے فوجی افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی، انہیں عید ملے اورا ن کے ساتھ عید کا تیسرا دن گزارا، انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں کیخلاف آپریشن پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں قیام امن اور دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے قوم اور پاک فوج نے لازوال قربانیاں دیکر بھاری قیمت ادا کی ہے۔ دہشت گردوں کو اب یہ موقع نہیں دیں گے کہ وہ ہماری قربانیوں کو ضائع کرسکیں۔ فاٹا سے دہشت گردوں کا خاتمہ کردیا ہے۔ ملک میں ہر جگہ دہشت گردوں کا پیچھا کریں گے اور انہیں کسی صورت واپس نہیں آنے دیا جائے گا۔افغان مصالحتی عمل کیلئے کوششیں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے خبردار کیا کہ پاک افغان سرحد پر موثر مینجمنٹ یقینی بنائی جائیگی۔ کسی کو افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں کرنے دیں گے۔ توقع ہے کہ افغانستان بھی ایسے ہی اقدامات اٹھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دیرپا امن کیلئے بارڈر مینجمنٹ اور افغان مہاجرین کی باعزت واپسی ہمای ترجیح ہے۔آرمی چیف نے افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مادر وطن کو ان پر فخر ہے اور ان کا اعلیٰ اخلاقی معیار ، آپریشنل تیاریاں اور ایل او سی پر چوکسی برقرار رکھنے کا جذبہ قابل تعریف ہے۔ جمعہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے آزاد کشمیر میں باغ اور کیل کے ساتھ لائن آف کنٹرول( ایل او سی) کا دورہ کیا اور محاذ اول پر تعینات پاک فوج کے افسروں اور جوانوں سے ملاقات کی اور انہیں عید کی مبارک باد دی۔ آرمی چیف نے عید کا تیسرا دن دفاع وطن کی خاطر محاذ اول پر رہنے اور فرائض سرانجام دینے والے فوجی افسروں اور جوانوں کے ساتھ گزارا۔ اس دوران آرمی چیف نے پاک فوج کے افسران اور نوجوانوں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مادر وطن کو ایسے بہادر جوانوں پر فخر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فوجی جوانوں کا اعلیٰ اخلاقی معیار ، آپریشنل تیاریاں اور ایل او سی پر چوکسی برقرار رکھنے کا جذبہ قابل تعریف ہے ۔ جب کہ پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے آرمی چیف نے ان کی عظیم جرات، جذبے ، قربانیوں اور مادر وطن کے دفاع کے انتہائی عزم کا سراہا۔ قبل ازیں ایل او سی آمد پر کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ملک ظفر اقبال نے ان کا استقبال کیا۔

راحیل شریف

مزید :

صفحہ اول -